ایلوپیتھک، ہومیو پیتھک،آیوردک اور طب یونانی تمام طریقہ علاج ایک زندہ حقیقت ہیں ،لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں‘ ڈاکٹر احسن 

 
0
1861

لاہور اگست 1(ٹی این ایس ) دنیا بھر میں اب ڈاکٹرز متبادل طریقہ علاج پر توجہ دے رہے ہیں،ایلوپیتھک، ہومیو پیتھک،آیوردک اور طب یونانی تمام طریقہ علاج ایک زندہ حقیقت ہیں اور لوگ ان سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ جوں جوں سائنس ترقی کر رہی ہے اس طرح نئی نئی ریسرچ کے نتیجے میں امراض کی تشخیص اور علاج پہلے سے بہتر اور سستاہوتا جا رہا ہے،ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے غریب مریضوں کے لئے مفت ادویات کیمپ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) ریجنل قائمہ کمیٹی برائے’’ ہومیو پیتھک اینڈ الٹرنیٹو میڈیسن ‘‘کے چےئرمین اور لاہور چیمبر آزاد گروپ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر احسن وارث نے ہومیو پیتھک اینڈ الٹرنیٹو میڈیسن کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ ہر سال غریب اور نادار مریضوں کی امداد کے لیے ان کے علاقوں میں میڈیکل لگاتے ہیں۔ایف پی سی سی آئی ہومیو پیتھک اینڈ الٹرنیٹو میڈیسن کمیٹی کے تحت وہ آزاد کشمیر،وادی نیلم،جہلم،راولپنڈی اور شمالی علاقہ کے دور دراز علاقوں میں کیمپ لگا چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لوگ خطہ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور وہ مہنگا علاج نہیں کروا سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ اب متبادل اور سستا طریقہ علاج پر توجہ دے رہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے فلاحی تنظیم حب اللہ کے باہمی اشتراک سے لاہور میں قائم ’’کینسر ڈرگ بنک‘‘قائم کیا ہے۔پاکستان بھر میں بے شمار کینسر ہسپتال ہیں مگر کینسر کے مریضوں کے پاس دوائیوں کے پیسے نہیں ہوتے، کینسر ہسپتال علاج کے لیے اہم ہے مگرکینسر کی ادویات کی اہمیت ہسپتال سے زیادہ ہے۔ ڈاکٹر احسن وارث نے کہا کہ کینسر کی ادویات بہت مہنگی ہیں اور پاکستان میں غریب اور نادر مریضوں کے لیے اتنی مہنگی ادویات ان کی قوت خرید سے باہر ہے۔ ڈبلیوایس ہومیو پیتھک فارمیسی اینڈ ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام الٹرنیٹو میڈیسن کے بہت سارے نئے ریسرچ پراجیکٹ پر کام جاری ہے،ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے غریب مریضوں کے لئے مفت ادویات کیمپ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔پاکستان میں اس نوعیت کایہ پہلا پراجیکٹ ہے۔اجلاس میں ڈاکٹر شبیر احمد،راجہ حسن اختر ،محمدیاسین ،ڈاکٹر خالد معراج ،پی ایم ڈی سی سے ناظم امین ،میاں عمران اصغر،عزیز احمد انصاری،محمد طارق،حافظہ سمعیہ اظہر،سعدیہ اسلم ،زینب بٹ،آمنہ تبسم،ڈاکٹر حنا ء شیخ اور دیگر نے اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔