شفافیت اور میرٹ کے بغیر کوئی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا ،چوہدری محمدسرور

 
0
317

لاہور 03 مارچ 2022 (ٹی این ایس): گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ شفافیت اور میرٹ کے بغیر کوئی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا۔معاشرے کے تمام طبقات کو سب سے پہلے قومی اور ملکی مفادات کو تر جیح دینی چاہیے ۔پنجاب کی یونیورسٹیز میں پہلی بار وائس چانسلرز سو فیصد میرٹ پر لگائے جا رہے ہیں۔ کورونا کے دوران ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے جس طرح اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچائیں وہ قابل تعریف ہیں۔ وہ لاہور میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے 54 ویں کانووکیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

اس موقع پر پوسٹ گریجویٹ کرنے والوں میں ایس سی پی ایس کے 648، ایم سی پی ایس 156 امیدواران کو ڈگریاں دیں گئیں اورکنگ ایڈورڈ میڈ یکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد مسعود گوندل، ریجنل ڈائریکٹر سی پی ایس پی لاہور نے ڈگری حاصل کرنے والوں سے حلف لیا جبکہ گور نر پنجاب نے پوزیشن ہولڈر طلبا کو میڈلز اور دیگر انعامات سے نوازا۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کا مشن اداروں کی مضبوطی اور عوام کو مسائل سے نجات دلاکر زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کر نا ہے جس کے لئے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران بھی حکومت غر یب خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہوئی اور فی خاندان 12ہزار بغیر کسی سیاسی تفر یق کے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافے کے باوجود ہم نے پٹر ولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کردی ہے اورآنیوالے دنوں میں بھی عوام کیلئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ الحمد للہ معاشی میدان میں پاکستان کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے معاملے پر بھی میں یورپی اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ مکمل رابطوں میں ہوں انشا اللہ پاکستان کیلئے مستقبل میں بھی جی ایس پلس برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب تک جی ایس پلس سٹیٹس کی وجہ سے 20ارب ڈالرز سے زائد کا فائدہ حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یہاں بسنے والے ہر فر د کاہے اس لیے سب کو چاہیے کہ وہ تمام فیصلے اور اقدامات ملک وقوم کے مفادات کو سامنے رکھ کر یں تاکہ ہم پاکستان کو مزید مضبوط ،مستحکم ،خوشحال اور پرامن بنا سکیں۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت آئین وقانون کی حکمرانی اور شفافیت ومیرٹ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب کی یونیورسٹیز کو بھی سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے اور میں نے اب تک پنجاب کی یونیورسٹیز میں جتنے بھی وائس چانسلرز لگائے ہیں دعوی سے کہتاہوں کہ سب میرٹ پر لگے ہیں اسی وجہ سے پنجاب کی یونیورسٹیز کی عالمی رینکنگ میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم اور میڈ یکل سمیت دیگر شعبوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پاکستانی ڈاکٹرز ملک وقوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ایسے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جو دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔