میں کسی صورت حکومت گرانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دوں گا: وزیراعظم

 
0
147

اسلام آباد 08 اپریل 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اچکن نہیں پہن سکیں گے ہم کہیں نہیں جارہے، استعفے دینے کا مطلب سازش کامیاب بنانے کے مترادف ہوگا، میں کسی صورت حکومت گرانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دوں گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ تحریک انصاف نے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کے تمام اضلاع میں جلسے کرنے اور عوام کو حکومت کے خلاف سازش سے متعلق اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں خط میں مبینہ سازش کو پبلک کرنے یا نہ کرنے سے متعلق تجاویز لی گئیں۔ اراکین نے خط کی رازداری اور عدالتی حکم کی روشنی میں تجاویز دیں۔
اپوزیشن عوام میں جانے سے گھبرا گئی اور ہم عوام میں سرخرو ہوئے

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے بیرونی سازش کا آلہ کار بننے والے بے نقاب ہوچکے ہیں، منتخب حکومت کو گرانے کے لیے بیرونی سازش کی گئی، عوام نے دیکھ لیا کہ سب چور ڈاکو ایک جگہ اکٹھے ہوگئے، اپوزیشن عوام میں جانے سے گھبرا گئی ہے، ہم عوام میں سرخرو ہوئے ہیں، ان کا ہر سطح پر مقابلہ کروں گا۔

دریں اثنا وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا بھی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے موجودہ صورتحال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا۔ پی ٹی آئی ارکان نے وزیراعظم کے فیصلوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم جو حکم کریں گے ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم سے موجودہ صورتحال میں آپشنز پر سوالات کیے جس پر عمران خان نے کہا کہ میری بات سنیں، شہباز شریف اچکن نہیں پہن سکیں گے، ہم کہیں نہیں جارہے، آپ دیکھتے جائیں، استعفے دینا کا مطلب سازش کامیاب بنانے کے مترادف ہوگا، میں کسی صورت حکومت گرانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دوں گا۔

وزیراعظم نے اپنے ارکان کو ہدایت دی کہ آپ لوگ حلقوں میں جائیں، اپنے لوگوں کو اس سازش سے آگاہ کریں، یہ سارے مل کر بھی ہمیں نہیں روک سکتے کیوں کہ قوم ہمارے ساتھ ہے۔