لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرکی تیسرے روز بھی ہڑتال

 
0
387

لاہوراگست3.(ٹی این ایس ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹروں نے اپنی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رکھی ،ینگ ڈاکٹرزصبح کے وقت ایمر جنسی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور وارڈز میں ڈیوٹی پر نہ آئے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،محکمہ صحت کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور کامیاب ہونے کے بعد ایمرجنسی میں کام شروع کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں لاہور سمیت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی جس کے باعث ہزاروں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ محکمہ صحت کی طرف سے سینئر ڈاکٹرز کے ذریعے ایمر جنسی میں علاج معالجہ بحال رکھا گیا تاہم اوپی ڈیز اور ان ڈور میں علاج معالجہ جزوی طور پر معطل رہا ۔بتایاگیاہے کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو ینگ ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات میں عارضی کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے غیر مشروط طور پر ایمرجنسی میں کام کرنا شروع کر دیا جس سے مریضوں کے لواحقین نے بھی سکھ کا سانس لیا۔