لاہور اگست 3.(ٹی این ایس ) پاکستان تحریک کی خواتین نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی نے عمران خان کے خلاف بیہودہ الزامات لگاکر خود اپنی عزت کم کی ہے ،عائشہ گلالئی پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئیں ہیں،وہ (ن) لیگ کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں سعدیہ سہیل ،نوشین حامدمعراج ، شنیلاروتھ ،مسرت جمشید چیمہ، تنزیلہ عمران ،ثانیہ کامران ،عالیہ حمزہ ملک اور ثوبیہ کمال سمیت دیگر نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں ویمن ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بعد ازاں عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی اورعائشہ گلالئی کی ہرزہ سرائی کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیا۔ خواتین رہنماؤں نے کہا کہ (ن) لیگ نوازشریف کی نااہلی کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی ہے ۔ہم کئی سالوں سے تحریک انصاف کے ساتھ کام کررہی ہیں، پارٹی کے پروگراموں ، جلسوں ، ریلیوں اور دھرنوں میں شامل ہورہی ہیں اور ہمارے ساتھ کبھی بھی کوئی ناپسندیدہ واقع پیش نہیں آیا اور آج تک ہمیں کسی کی طرف کبھی کوئی بیہودہ میسج موصو ل نہیں۔انہوں نے کہا کہ عائشہ گلا لئی ایک دن پہلے وفد کے ساتھ عمران خان کے ساتھ مل کر جاتی ہیں اور اس وقت تک چیئرمین عمران خان صحیح تھے اور رات میں کیا تبدیلی آگئی ۔