حکومت نے عوام پر بجلی اور سی این جی بم گرا دیا ، قیمتوں میں اضافہ

 
0
130

اسلام آباد 10 مئی 2022 (ٹی این ایس): نیپرا نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ 57 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے، نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 57 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کے تمام بجلی صارفین پر ہوگا۔

نیپرا کے مطابق قیمت میں اضافہ مالی سال 2021-22 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، صارفین سے بجلی کی چوری اور لاسز کے چارجز بھی وصول کیے جائیں گے، فیصلے سے صارفین پر 3 ماہ میں 14 ارب 33 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نیپرا نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جون سے ہوگا، نیپرا نے نوٹی فکیشن کے لیے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوادیا۔دوسری طرف حکومت نے ملک بھر میں سیلز ٹیکس وصولی کے لیے سی این جی کی قیمت میں بتدریج 5 اعشاریہ43 روپے اور 6اعشاریہ89 روپے فی کلو گرام اضافہ کردیا۔ایف بی آر نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرخان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا پر مشتمل ریجن ون میں سی این جی پر سیلز ٹیکس وصولی کے لیے قیمت 140 روپے فی کلو گرام مقرر کردی گئی ہے۔

ریجن ون میں سی این جی پر سیلز ٹیکس وصولی کے لیے سی این جی کی قیمت میں 5 اعشاریہ 43 روپے فی کلو گرام اضافہ کیا گیا ہے۔قبل ازیں ریجن ون میں سی این جی پر سیلز ٹیکس وصولی کے لیے قیمت 134 اعشاریہ57روپے مقرر تھی جسے اب بڑھا کر 140 روپے فی کلو گرام کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیں سندھ اور پنجاب پر مشتمل ریجن ٹو میں سی این جی پر سیلز ٹیکس وصولی کے لیے قیمت 135 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے۔

یہاں سی این جی پر سیلز ٹیکس وصولی کے لیے قیمت میں 6اعشاریہ89 روپے فی کلو گرام اضافہ کیا گیا ہے۔قبل ازیں ریجن ٹو میں میں سی این جی پر سیلز ٹیکس وصولی کے لیے قیمت 128اعشاریہ11 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی تھی جسے اب بڑھا کر 135 روپے فی کلو گرام کردیا گیا ہے۔ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سی این جی سیکٹر سے سیلز ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگا۔