وفاقی کابینہ کی تشکیل میں سیاست نظرآرہی ہے، تحریک انصاف

 
0
290

لاہور :اگست4 (ٹی این ایس): تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی تشکیل میں سیاست نظرآرہی ہے،مریم نوازکے میڈیا سیل کو نوازا گیا،چوہدری نثارکو سائیڈ لائن جبکہ خواجہ آصف کو وزیرخارجہ لگا دیا گیا،جس کوسفارتی آداب کا کچھ پتا نہیں، مسلم لیگ ن میں واضح دراڑیں نظرآرہی ہیں،عائشہ گلالئی کے الزامات کے پیچھے ن لیگ کا ہاتھ ہے، ووٹر لسٹ نہیں دی گئی،این اے 120میں پری پول دھاندلی شروع کردی گئی۔ پی ٹی آئی کے رہنماء شفقت محموداور این اے 120کی امیدوارڈاکٹریاسمین راشدآج یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔

پی ٹی آئی رہنماء شفقت محمودنے کہاکہ عائشہ گلالئی کے الزامات کے پیچھے ن لیگ کاہاتھ ہے۔صوبائی وزیرقانون کہتے ہیں کہ میچ فکس ہے۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ نے جمائماکے ساتھ جوکیاوہ بھی عوام کے سامنے ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ کی تشکیل میں سیاست نظرآرہی ہے۔مریم نوازکے میڈیاسیل کونوازاگیا۔چوہدری نثارنے کوئی عہدہ نہیں لیا۔ان کی خواہش تھی کہ وہ وزیرخارجہ بنتے۔لیکن سائیڈلائن کردیاگیا۔

خواجہ آصف کوسفارتی آداب کاکچھ پتانہیں لیکن انہیں وزیرخارجہ بنادیاگیا۔مسلم لیگ ن میں واضح دراڑیں نظرآرہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف نااہلی کے باوجودفیصلے کررہے ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کی جارہی ہے۔ن لیگ عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ پرحملہ آوہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف این اے 120میں یاسمین راشدکامقابلی کرنے کوتیارنہیں ،مقابلہ کرنے کی بجائے وہ بھاگ گئے ہیں۔اس موقعہ پرڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ن لیگ نے دھاندلی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔

3سال میں 30ہزارووٹوں میں اضافہ ہوا۔کیابچوں کی پیدائش رفتاربڑھ گئی ہے۔لیکن ہمیں ووٹرلسٹ نہیں دی گئی۔این اے 120میں پری پول دھاندلی شروع کردی گئی ہے۔شیڈول آنے کے بعدعلاقے میں ترقیاتی کام نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن میں 6ہفتے رہ گئے،ووٹروں کوبائیومیٹرک کیسے بنائیں گے؟ لوگوں کو بھی بائیو میٹرک کا ابھی معلوم نہیں ۔کہا جا رہا ہے کہ آدھے حلقے میں بائیومیٹرک پولنگ ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ایک شخص پاناما کیس میں نااہل ہوگیا۔اس نااہل شخص کیلئے مری سے لاہورتک پروٹوکول لگایاجارہاہے۔جو کہ افسوسناک ہے۔