ٹائم سکیل،کلریکل پروموشن،الاؤنسز ودیگر مراعات میں اضافے پر انتظامیہ کے مشکورہیں۔ چوہدری محمد یٰسین

 
0
138

اسلام آباد 26 مئی 2022 (ٹی این ایس): سی ڈی اے مزدور یونین کے مطالبے پر سی ڈی اے انتظامیہ نے ایک ہی سکیل میں دس سال مدت ملازمت پوری کرنے والے تمام ملازمین کے لیے ٹائم سکیل پروموشن،تمام سیکورٹی گارڈو سیکورٹی سٹاف کے لیے پانچ ہزارروپے سپیشل الاؤنس،سٹی سیوریج و سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کے لیے ایک ہزارروپے بدبوالاؤنس،تمام کلریکل سٹاف کی پروموشن،حج پر جانے والی خواتین کے لیے محرم کی منظوری کے علاوہ دیگر مطالبات کی منظوری دے دی جس کے باقاعدہ منٹس آف میٹنگ جاری کر دیے گئے جس سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انھوں نے اپنے قائد چوہدری محمد یٰسین،چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد،بورڈ ممبران اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکیا،اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ریفرنڈم میں ہم نے جو ملازمین سے وعدے کیے تھے ان کو تکمیل کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے جس پر میں سی ڈی اے کے تمام ملازمین کی طرف سے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد،ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس خان،ممبر فنانس رانا شکیل اصغر،ممبر اسٹیٹ نوید الہیٰ،ممبر انجینئرنگ سید منور شاہ سمیت تمام انتظامیہ کا مشکور ہوں کہ انھوں نے اس مہنگائی کے دور میں ملازمین کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے ان کی مراعات میں اضافہ کیا،انھوں نے کہا کہ بلا شبہ چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں اسلام آباد میں میگا پروجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے سی ڈی اے کی نیک نامی میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسلام آباد کی سول سوسائیٹی اور شہری ادارے کی کارکردگی سے خوش ہیں جس کا کریڈٹ چیئرمین سی ڈی اے اور انکی پوری ٹیم کو جاتا ہے اور اس نیک نامی کی وجہ سے جہاں چیئرمین سی ڈی اے کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے وہاں ملازمین کی حوصلہ افزائی بھی بے حد ضروری ہے کیونکہ اصل حقدار سی ڈی اے ملازمین ہیں جنہوں نے اس ادارے کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات محنت و لگن سے کام کیا ہے،اس موقع پر انھوں نے یقین دلایا کہ اب انشاء اللہ ملازمین پہلے سے بہتر انداز میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے تاکہ ادارہ مزید خوشحال ہو سکے اور اس شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو سکے۔