اسلام آباد 26 مئی 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پٹرول، ڈیزل، کیروسین آئل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کا نفاذ آج رات سے ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف ہمیں مزید قرضہ نہیں دے گا ، جب تک ہم پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کرتے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سابق حکومت میں فروری تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہوا، سابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت کو فکسڈ رکھا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے لیے عوام پر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہوگیا، پٹرول پر سبسڈی کا امیر اور غریب دونوں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں، سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی کا سامنا ہے،عمران خان کی حکومت معاشی بارودی سرنگیں بچھا کر گئی ہے۔