پاکستان کے سب سے بڑے فتنے اور انتشار کا نام عمران خان ہے: مریم نواز

 
0
103

اسلام آباد 28 مئی 2022 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کیا عدالتوں کا اب یہ کام رہ گیا ہے جہاں جہاں عمران خان فیل ہو وہ اس کی مدد کیلئے آئیں، سپریم کورٹ سے کہنا چاہتی ہوں اس فتنے کی سازشوں سے دور رہیں۔

بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب یہ خط لے کر سپریم کورٹ میں چلا گیا ہے، جو انقلاب تم بذریعہ سپریم کورٹ لانا چاہتے ہو عوام اس کو بھی ناکام بنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے یہ منتیں کر کے اداروں کو گھسیٹتا ہے پھر انہی کو گالیاں نکالتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ بدترین ناکامی کے بعد بولا مارچ اس لیے کامیاب نہیں ہوا کہ تیاری نہیں تھی، بندے لانے کی تمہاری تیاری نہیں تھی لیکن آگ لگانے کی پوری تیاری تھی۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان قوم پوچھتی ہے تم نے سوائے بدتمیزی اور گالیوں کے کیا دیا، تم نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، عمران خان نے پاکستان کو غربت دی، بے روزگاری دی، کوئی ایک ایسا کارنامہ بتاؤ جس پر کسی ملک نے تمہارے خلاف سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو انتشار اور فتنے سے خطرہ ہے، پاکستان کے سب سے بڑے فتنے اور انتشار کا نام عمران خان ہے، پاکستان کو کوئی خارجہ خطرہ نہیں، خطرہ فساد اور فتنے سے ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اس وقت تیزی سے ترقی کر رہا تھا، وہ حملہ آور ہوا اور ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالی، اس نے خود کہا جسٹس کھوسہ نے کہا درخواست لے کر یہاں وہاں نہ پھر ادھر آؤ پاناما کا فیصلہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے شہید کارکنوں کے اہل خانہ سے افسوس کرتی ہوں، .ان کے بچوں نے پوچھا تو ہو گا کہ عمران خان تمہارے بچے ٹھنڈی ہواؤں میں بیٹھے ہوئے ہیں، جہاد تو تمام مسلمانوں کا فرض ہے، قاسم اور سلیمان کو لندن میں کیوں بٹھایا ہوا ہے، پہلے اپنے بیٹوں کو کہے کہ تاج برطانیہ کا طوق اتار کر یہاں آئیں اور مارچ کریں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان سے کہنا چاہتی ہوں شہید کانسٹیبل کے گھر بھی جاؤ، جسکے سینے میں پی ٹی آئی کارکن نے گولیاں اتار دیں۔

مزید کہنا تھا کہ فتنہ خان کو اقتدار سے باہر رہنے کی عادت نہیں، عمران خان واپس وزیراعظم ہاؤس جانا چاہتا ہے یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔ اس نے کارکنوں کو گندی زبان سکھا دی، ایک ویڈیو دیکھی جس میں باپردہ خاتون پولیس والے کو گالیاں دیتی رہی مگر وہ کچھ نہ بولا۔

مریم نواز نے کہا کہ میں نے کل شہباز شریف کا خطاب سنا ، ان کے خطاب میں کوئی گالی تھی نہ مذہب کارڈ، شہبازشریف نے آٹے کی قیمت میں40روپے کم کردی، وزیراعظم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا، نواز شریف اور شہباز شریف چند ماہ میں ملک کو بحران سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے.