دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں ،اقبال ظفر جھگڑا

 
0
324
پشاور  اگست 05.(ٹی این ایس )گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پولیس کے جانثار افسران اورسپاہیوں نے اپنی جانوں کی قربانیوں بدولت ہی وطن عزیز کی بقا،استحکام اوریکجہتی کوسلامت رکھا اور اسی وجہ سے آج ہم ایک نئے عزم وحوصلے کے ساتھ بہتر مستقبل کی راہ پر گامزن ہیں۔ان خیالات کا اظہارگورنر یوم شہداء پولیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں انسپکٹرجنرل آف پولیس صلاح الدین محسود، دیگراعلی پولیس افسران اور پولیس شہدا ء کے لواحقین نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ گورنر نے پولیس فورس کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پولیس فورس نے امن واستحکام کیلئے جوقربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کاحصہ ہے اور پوری قوم کو ان پرفخرہے۔ انہو ں نے کہاکہ قوم کوانتہاپسندی اوردہشت گردی کی صورت میں جن حالات کا سامناہے وہ کسی عالمی جنگ سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ قیام پاکستان سے لیکراب تک اس قوم نے بڑی آزمائشوں اورمصیبتوں کا کامیابی سے سامناکیاہے اورانشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ گورنرنے کہاکہ یوم شہداء پولیس اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پولیس فورس نے نہ صرف اپنے ہیروز کی قربانیوں کا اعتراف کیاہے بلکہ شہداء کے عزیزواقارب کے ساتھ باہم رشتوں کااستحکام بھی یقینی بنایاہے اور یہی زندہ قوموں کی نشانی ہوتی ہے۔