میڈیکل کمپلیکس پشاور، ڈاکٹر کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث زچگی کے دوران نومولودبچی جاں بحق

 
0
768

پشاور،دسمبر 31 (ٹی این ایس):مردان میڈیکل کمپلیکس میں لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث خاتون نے انتظارگاہ میں بچی کو جنم دے دیا جو بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوگئی۔چارسدہ روڈ مردان سے ملحقہ علاقہ ابراہیم خان کلی کے رہائشی صابر رحمن کے مطابق ہفتے کی شب قریباً 2 بجے وہ اپنی اہلیہ کو زچکی کیلئے مردان میڈیکل کمپلیکس لایا تھا جہاں لیبر روم میں ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر نے کہا کہ ابھی ٹائم ہے آپ واپس گھر چلے جائیں جس پر وہ واپس گھر آگئے تاہم گھر پہنچتے ہی اس کی اہلیہ کو دوبارہ شدید درد شروع ہوگیا جسے دوبارہ ہسپتال لے جایا گیا جہاں اْسی لیڈی ڈاکٹر نے جارحانہ رویہ اپناتے ہوئے اْنہیں بْرا بھلا کہتے ہوئے کہا کہ ‘آپ لوگ دوبارہ واپس کیوں آئے؟’ اور اْس نے مریضہ کو وارڈ میں داخل نہیں کیا۔صابر رحمن نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے لیبر روم کے ویٹنگ روم میں لے گیا جہاں اس کی اہلیہ نے بچی کو جنم دیا، انہوں نے کہا کہ بچی کی پیدائش کے حوالے سے ڈاکٹر کو آگاہ کیا لیکن انہوں نے پھر بھی کوئی توجہ نہیں دی اور یوں کچھ دیر بعد ان کی نومولود بچی جاں بحق ہوگئی۔بعد ازاں متاثرہ خاندان نے ہسپتال عملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر ڈائریکٹر ہسپتال نے ڈیوٹی پر موجود 5 لیڈی ڈاکٹروں اور 3 نرسوں کو معطل کرکے واقعے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔