روئی کے بھا ؤمیں اضافہ،کاروباری حجم بڑھ گیا،مزید اضافے کی توقع

 
0
465

کراچی اگست 06.(ٹی این ایس )مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر اضافے کا رجحان رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 50 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 6400 روپے کے بھاؤ پر بند کیا،سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 6400 روپے ، پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 6700 روپے رہا،سندھ میں پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 2700 تا 3100 روپے رہا جبکہ پنجاب میں پھٹی کا بھاؤ 3000 تا 3350 روپے رہا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بارشوں کا سلسلہ رک گیا ہے ، پھٹی کی رسد میں اضافہ ہورہا ہے ، کاروباری حجم بڑھ رہا ہے ، فی الحال فصل تسلی بخش ہے تاہم آئندہ دنوں میں کپاس کے کاشتکاروں کو محتاط رہنا پڑے گا،کیوں کہ فصل پر کیڑے اور وائرس لگنے کا امکان بڑھ جائے گا،اطلاعات کے مطابق اس وقت فصل کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ فصل ایک کروڑ 30 لاکھ گانٹھوں کی لگ بھگ ہونے کا امکان ہے تاہم 10 اگست کو کاٹن کراپ اسسمنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہونے جارہا ہے اس میں فصل کا اولین تخمینہ سامنے آسکے گا۔ نسیم عثمان کے مطابق اگست کے آخر تک ملک کی 80 تا 90 فیصد ٹیکسٹائل ملزکے پاس روئی ختم ہونا شروع ہوجائیگی جس کے باعث روئی کی خریداری میں اضافہ ہوجائیگا نتیجتا بھاؤ میں اضافہ ہونے کی توقع کی جارہی ہے کیوں کہ طلب کی نسبت رسد کم رہے گی، علاوہ ازیں ستمبر کے اول میں عید الاضحی کی تعطیلات کی باعث خریداری بڑھ جائے گی۔ نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کپاس مارکیٹوں میں روئی کی بھاؤ مستحکم ہیں فی الحال گزشتہ سال کی طرح ٹیکسٹائل انڈسٹری بیرون ممالک سے درآمدی معاہدے بھی نہیں کر سکیں گے ، خصوصی طور پر پاکستان کو کپاس کی وافر مقدار میں برآمد کرنے والے ملک بھارت میں غیر معمولی بارشوں کی باعث کپاس کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے