وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے جمعرات کے روز کپیٹل ہسپتال کا دورہ کیا اور بنائی گئی جدید لیباٹری کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے

 
0
215

تفصیلات کے مطابق کپیٹل ہسپتال میں بنائی گئی نئی لیباٹری کو جدید ٹیکنالوجی سے مزین کیا گیا تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ کپیٹل ہسپتال میں بنائی گئی نئی اور جدید لیباٹری میں ہائی سپیڈ کیمسٹری اینالئزر، ہائی سپیڈ سپیشل کیمسٹری اینالئزر، بلڈ گیس اینالئزر، الیکٹرولیٹ اینالئزر سمیت پی سی آر لیب کی سہولت بھی آنے والے مریضوں کو فراہم کی گئیں ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں آنے والی خواتین اور بالخصوص بزرگ شہریوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ اور مناسب جگہوں کا انتخاب کرکے شہر میں 4 مختلف جگہوں پر شہریوں کے لئے کولیکشن یونٹس کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ شہریوں کی دی جانے والی سہولیات میں اضافے کو مزید ممکن بنایا جاسکے۔ اسی طرح انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہریوں کے لئے ہوم کولیکشن کی سہولت کو بھی ممکن بنایا جائے۔

مزید برآں چیئرمین سی ڈی اے نے کپیٹل ہسپتال کی فارمیسی کا بھی دورہ کیا اور شہریوں سے انکے درپیش مسائل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ای ڈی کپیٹل ہسپتال کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسا میکنزم بنایا جائے کہ مریضوں کو کم سے کم وقت میں ڈاکٹرز کی تجویز کردہ ادویات کا حصول ممکن ہو۔

علاوہ ازیں چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے کپیٹل ہسپتال میں بنائی جانے والی نئی او پی ڈی کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے اور جلد از جلد اس کو مکمل کرکے شہریوں کے لئے ایکٹو کیا جائے۔

چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے ساتھ ساتھ کام کے اعلی معیار کو بھی ہرحال میں یقینی بنایا جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔