یوٹیوب سے سالانہ 10 لاکھ روپے کمانے والے پاکستانیوں میں 110 فیصد اضافہ

 
0
147

یوٹیوب نے پاکستان میں اپنے پہلے برانڈ کاسٹ کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی یوٹویوبرز اور مواد تخلیق کرنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
برانڈ کاسٹ میں شریک پاکستان کے معروف یوٹیوبرز نے اپنے سفر کی کہانی شیئر کی۔
اس موقع پر میڈیا بریفنگ میں گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش فرحان ایس قریشی نے بتایا کہ یوٹیوب کے مختصر دورانیے کے نئے سلسلے شارٹس کی مانیٹیزائزیشن فروری 2023سے شروع کردی جائیگی۔
گوگل اور Kantar کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 18سے 24سال کی عمر کے آن لائن پاکستانیوں کی 62فیصد تعداد یوٹیوب سے استفادہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون 2021کو ختم ہونے والے سال کے دوران پاکستان میں سالانہ 10لاکھ روپے آمدن کمانے والے یوٹیوبرز کی تعداد میں 110 فیصد اضافہ ہوا۔
یوٹیوب استعمال کرنے والے 76فیصد پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ وہ نئی چیزیں اور آئیڈیاز سیکھنے کے لیے یوٹیوب کا استعمال کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق پاکستان کی آن لائن آچکی 48فیصد دیہی آبادی میں سے 78فیصد یوٹیوب کا استعمال کرتے ہیں۔
اس موقع پر یوٹیوب کے پارٹنر ڈیولپمنٹ اینڈ منجمنٹ ڈائریکٹر Marc Lefkowitz نے بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ چند سال کے دوران ایک لاکھ سبسکرائبرز کے حامل یوٹیوب چینلز کی تعداد 5400 سے تجاوز کرچکی ہے گزشتہ ایک سال کے عرصہ میں پاکستان میں نئے یوٹیوب چینلز کی تعداد میں 35فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان میں سے 350 سے زائد چینلز ایسے ہیں جن کے دس لاکھ سے زائد سبسکرائبرز بن چکے ہیں۔