ڈیرہ اسماعیل خان کے بے گھر سیلاب متاثرین کے لئے رہائشی یونٹس کا افتتاح

 
0
121

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مخیر حضرات سے اپیل ہےکہ وہ بے گھر سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر میں آگے آئیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے بے گھر سیلاب متاثرین کے لئے تعمیر کئے گئے گھروں کا افتتاح کردیا۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچائی، 20لاکھ گھر سیلاب سے مکمل یا جزوی تباہ ہوئے، بجلی اور مواصلات کا نظام بھی متاثر ہوا، بدترین حالات اور محدود وسائل کے باوجود پی ڈی ایم ایز اور صوبائی حکومتوں نے کام کیا.

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے بی آئی ایس پی کے تحت 70 ارب روپے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیے۔ شفاف طریقے سے ہر خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے گئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے متاثرین کو چھت فراہم کی جارہی ہے، متاثرین کیلئے مخیر حضرات کے تعاون سے گھر بنائے گئے ہیں، ایک گھر میں 2 کمرے، ایک بیت الخلا اور ایک کچن ہے، مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ آگے آئیں اور گھر بنانے میں حصہ ڈالیں۔