پاکستان پھر سعودیہ کی طرف دیکھنے لگا،کیش سپورٹ اور ادھار تیل پر بات چیت

 
0
102

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے کیش سپورٹ اور ادھار تیل پر بات چیت ہو رہی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، پاکستان خوراک کے لحاظ سے عدم تحفظ کا شکار ہے، فوڈ سیکیورٹی کا عالم یہ ہے کہ گندم درآمد کررہے ہیں۔وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں،ایک تہائی علاقہ پانی میں ڈوبا 3 کروڑ 30 لاکھ آبادی متاثر ہوئی، کھڑی فصلیں تباہ اور 15 لاکھ جانور ہلاک ہوگئے، سیلاب سے ملکی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے روزگار کی بحالی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے برادر اسلامی ملکوں سے مسلسل رابطے ہیں، سعودی عرب سے معاشی تعاون پر بات چیت ہورہی ہے، سعودی عرب سے کیش سپورٹ اور ادھار تیل پر بات چیت ہو رہی ہے، متحدہ عرب امارات بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں معاشی ایمرجنسی کی کوئی ضرورت نہیں، معاشی حالات خراب ضرور ہیں لیکن اتنے نہیں کہ ایمرجنسی لگانا پڑے۔ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ معیشت دبا میں ہے لیکن ڈیفالٹ یا ایمرجنسی کا امکان نہیں، پاکستان تمام غیرملکی ادائیگیاں بروقت کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔