وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا بڑا بھائی بن کر بلوچستان کے عوام کیلئے احسن اقدام، 21ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کا اعلان

 
0
110

بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کو گندم فراہم کرنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی تھی،بدقسمتی ہے کہ وفاقی حکومت نے ذمہ داری نہیں نبھائی
بلوچستان نے 10ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کی درخواست کی، ہم نے اپنے بھائی کو ضروریات سے زیادہ 21ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کا فیصلہ کیا
اپنا پیٹ کا ٹ کر اپنے بھائی کی ضروریات کو پورا کرینگے، گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے گندم کا اجلاس، گندم کے ذخائر اورآٹے کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا
لاہور13جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا بڑا بھائی بن کر بلوچستان کے عوام کیلئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بلوچستان کو گندم کا خصوصی کوٹہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلوچستان کو 21ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گی۔ بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کو گندم فراہم کرنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی تھی۔بدقسمتی ہے کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان سمیت دیگرصوبوں کو گندم کی فراہمی کی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نے پنجاب حکومت سے 10ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کی درخواست کی اور ہم نے اپنے بھائی کو ضروریات سے زیادہ 21ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کا فیصلہ کیا۔ہم اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بھائی کی ضروریات کو پورا کریں گے۔پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے دیگر صوبوں کا خیال رکھے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گندم مافیا کے خلاف کارروائی میں زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے تمام خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کیلئے مربوط پلان پر عملدر آمد کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے گندم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کے ذخائر اورآٹے کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں چکی مالکان کو سرکاری سطح پر گندم کی فراہمی کی تجویز پرغور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ گندم کی سمگلنگ کے الزام میں 1541ایف آئی آر اور 39ملین روپے جرمانہ کیاگیا ہے۔سستے آٹے کی فراہمی کیلئے سیل پوائٹنس کی تعداد 1059سے بڑھا دی گئی ہے۔سیکرٹری خوراک نے گندم کے ذخائر اور آٹے کی قیمتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خوراک سردار حسنین بہادر دریشک، صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان، ماہر اقتصادیات محمد ساجد، سیکرٹری زراعت احمد عزیز تارڑ،سیکرٹری خوراک نادر چٹھہ، ڈائریکٹر فوڈ شوزب سعید اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
٭٭٭
وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری کی سربراہی میں وفدکی ملاقات، 10کروڑ روپے کی گرانٹ کاچیک دیا
وکلاء برادری کو جتنی عزت آپ نے دی اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، عابد زبیری کا وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے اظہار تشکر
حکومت وکلاء برادری کو دست و بازو سمجھتی ہے، وکلاء کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں:چودھری پرویز الٰہی
لاہور13جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے عابد زبیری کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کیلئے 10کروڑ روپے کی گرانٹ کاچیک دیا۔ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے وفد نے گرانٹ کے اجراء پر وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے تشکر کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کا کردار مسلمہ ہے۔ میرے دروازے آپ کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت وکلاء برادری کو دست و بازو سمجھتی ہے۔ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری نے کہا کہ آپ کے دور میں وکلاء برادری کی فلاح و بہبودکے لئے حقیقی معنوں میں کام ہو رہا ہے۔ وکلاء برادری کو جتنی عزت اور احترام آپ نے دیا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس، صوبائی مشیر عامر سعید راں، سینئر وکیل جہانگیر جھوجہ، سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے سیکرٹری مقتدرشبیر، ممبر محسن بیگ، صائم چودھری،معروف ایڈووکیٹ حسان نیازی، صوبائی سیکرٹری قانون او ردیگر وکلاء بھی اس موقع پر موجود تھے۔
٭٭٭
ہماری حکومت کی مختصر وقت میں مثالی کارکردگی کھلی کتاب کی مانند ہے: پرویز الٰہی، ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقاتیں
لاہور13جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان نے دباؤ اور ترغیب کے سامنے ڈٹ کر تاریخ رقم کردی۔سوداگر ناکام ہوئے، آئین اور قانون، حق و سچ کی فتح ہوئی۔پاکستان تحریک انصاف او رپاکستان مسلم لیگ قائد اعظم یکجان اور دو قالب ہیں۔عوام نے جھوٹے شیروں کو دم دبا کر بھاگتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر علاقے کے عوام کو ترقی کے سفر میں شریک کیا ہے۔منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی کام شروع کئے ہیں اور ہماری حکومت کی مختصر وقت میں مثالی کارکردگی کھلی کتاب کی مانند ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کرنے والوں میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی، زینب عمیر، سیدہ زہرہ نقوی، شمیم آفتاب،بلا ل اصغروڑائچ، عرفان اللہ خان نیازی،عبدالرحمان خان،عامر نواز چانڈیو،ندیم قریشی،امجد محمود چودھری، چودھری ساجد محمود، جاویدکوثر،خدیجہ عمر، رانا شہباز، غلام علی اصغر خان اور دیگر شامل تھے۔
٭٭٭
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا فیصل آباد کے قریب ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
لاہور13جنوری:وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے فیصل آباد کے قریب ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے – وزیر اعلی نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں – وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے حادثات کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے –
٭٭٭٭