ملک کی انتظامی مشینری کو چلانے والی 45 سے زائد وفاقی وزارتوں اور انکے ڈویژن میں کمپیوٹرائز (ای)سسٹم کا نفاذ نہ ہو سکا

 
0
392

اسلام آباد اگست 9 (ٹی این ایس)ملک کی انتظامی مشینری کو چلانے والی 45 سے زائد وفاقی وزارتوں اور انکے ڈویژن میں کمپیوٹرائز (ای)سسٹم کا نفاذ نہ ہو سکا،رواں سال 2017-2018 کے دوران وفاقی بجٹ میں اس منصوبے کے لیے 21 کروڑ 56 لاکھ روپے کی کثیر رقم مختص کی گئی تھی۔اس ضمن میں زرائع نے ٹی این ایس کو بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزارت آئی ٹی کو 45 سے زائد وفاقی وزارتوں اور انکے ماتحت ڈویژنوں میں (ای) سسٹم رائج کرنے کے احکامات جاری کئے تھے،جس کے تحت وزارت آئی ٹی اپنی وزارت اور وزیراعظم ہاؤس میں ای سسٹم پر 90 فیصد تک عملدرآمد کرنے میں کامیاب ہو سکی ہے۔
زرائع کا کہنا ہے کہ ای سسٹم منصوبے کو وفاقی وزارتوں اور ڈویژن میں فائل ورک ختم کرنے کے لیے رائج کرنے کے لیے عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں وزارت آئی ٹی کو تاحال ناکامی کا سامنا ہے تاہم سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ اس منصوبہ ہر عملدارآمد کو یقینی بنانےکے لیے مسئلہ کو وفاقی کابینہ کو ارسال کیا جائے ،توقع ہے کہ اس حوالے سے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈہ میں اس منصوبے کو اہمیت دی جائیگی۔