افغان تاجر پاکستان میں کن شعبوں میں تجارت کو ترجیح دیتے ہیں؟

 
0
43
پاکستان میں مقیم رجسٹرد افغان شہریوں کی تعداد تقریباً 15 لاکھ ہے جس میں سے آٹھ لاکھ سے زائد افغان شہری صرف صوبہ خیبرپختونخوا میں بستے ہیں۔
پچھلے 40 برسوں سے پاکستان میں رہنے والے بیشتر افغان باشندے یہاں مختلف قسم کے کاروبار سے وابستہ ہو گئے ہیں۔ ان میں زیادہ تر کراچی کوئٹہ یا پشاور میں رہ کر تجارت یا کاروبار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان میں سے کئی اب پاکستان کے بڑے تاجروں میں شمار ہوتے ہیں۔
بیشتر افغان تاجر پاکستان میں گڈز ٹرانسپورٹ، گارمنٹس، ریئل اسٹیٹ اور ہارڈویئر کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینیئر نائب صدر شاہد حسین نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایک تو چھوٹے کاروباری افراد ہیں جو خاندان کی کفالت کے لیے مختلف کاروبار کر رہے ہیں، ان میں سرفہرست ریسٹورنٹس اور چائے ڈھابوں کا کاروبار ہے۔
’ان میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے اور کامیاب کاروبار کے ذریعے اربوں روپے کما رہے ہیں۔‘
شاہد حسین کے مطابق ’افغان تاجر ٹرانسپورٹ میں سب سے آگے ہیں۔ ان کی گاڑیاں کراچی سے پشاور اور کابل تک چلتی ہیں جن میں گڈز ٹرانسپورٹ سرفہرست ہے۔‘
’اسی طرح پراپرٹی میں بھی افغان شہریوں نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہوئی ہے جبکہ گارمنٹس بھی افغانی تاجروں کا پسندیدہ کاروبار ہے۔ تاہم یہ زیادہ تر خیبرپختونخوا اور کابل تک محدود ہے۔‘