اسلام آباد(ٹی این ایس)سفیر پاکستان مسعود خان کا امریکی کانگریس کی خاتون رکن میلینی سٹینزبری کے ساتھ آبی وسائل کے انتظام پر تبادلہ خیال

 
0
40

سفیر پاکستان نے میلینی سٹینزبری کی جانب سے نیو میکسیکو میں پاکستانی کمیونٹی کی مسلسل اور مضبوط حمایت کو سراہا

نیو میکسیکو کے ساتھ بہتر اقتصادی شراکت داری اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق

البوکرکی، نیو میکسیکو، ستمبر 4، 2023:
امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان غیر معمولی ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے چیلنجز بشمول آبی وسائل کے انتظام سے متعلقہ مسائل سے نبردآزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبی وسائل کا موثر انتظام ملکی آبادی اور بالخصوص زرعی شعبے کےلئے کہ جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے انتہائی ضروری ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ کوئی بھی ملک ان کثیر جہتی چیلنجوں سے تن تنہا نہیں نمٹ سکتا لہذا اس ضمن میں ہم امریکی تعاون کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دور میں موسمیاتی تبدیلی پر پاک امریکہ اعلیٰ سطحی ڈائیلاگ اور “گرین الائنس” جیسے اقدامات مثبت پیش رفت ہیں تاہم ان کوششوں کو مزیدمستحکم کرنے کی ضرورت ہے.

سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار البوکرکی، نیو میکسیکو کے دورے کے دوران امریکی کانگریس کی خاتون رکن میلینی سٹینزبری سے ملاقات کے دوران کیا۔
کانگریس وومن میلینی سٹینزبری آبی وسائل کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں ۔

سفیر پاکستان مسعود خان ان دنوں نیو میکسیکو کے 03 روزہ سرکاری دورے پر ہیں یہ دورہ کسی بھی پاکستانی سفیر کا اس علاقے کا پہلا دورہ ہے
ملاقات کے دوران سفیر پاکستان مسعود خان نے اس بات کو اجاگر کیا کہ حالیہ دور میں پاک امریکہ تعلقات کے ضمن میں موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، صحت، تجارت اور سرمایہ کاری ،انسداد منشیات، سلامتی اور دفاع اور انسداد دہشت گردی جیسے اہم شعبوں میں اہم اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کے بعد پاک امریکہ تعلقات کا محور و مرکز عوامی روابط کا فروغ اور تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں اضافہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیو میکسیکو ایکسٹریکٹیو انڈسٹری، ہیلتھ کیئر، فارماسیوٹیکل اور ٹیک اسٹارٹ اپس میں باہمی سود مند شراکت داری قائم کر سکتے ہیں۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے کانگریس رکن میلینی سٹینزبری کا نیو میکسیکو میں مقیم پاکستانیوں کی مسلسل حمایت پر انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستانی نژاد محمد افضل حسین کے قتل کیس کے دوران کمیونٹی اور مرحوم کے خاندان کی حمایت کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ البوکرکی کی انتظامیہ اور کانگریس رکن کی حمایت نے المناک واقعے کے بعد پاکستانی کمیونٹی کا اعتماد بحال کیا ہے۔

نیو میکسیکو میں سفیر پاکستان مسعود خان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کانگریس رکن میلینی سٹینزبری نے کہا کہ نیومیکسیکو کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیو میکسیکو میں پاکستانی کمیونٹی کو اپنی ثقافت کا لازمی جزوسمجھتے ہیں.

انہوں نے محمد افضل حسین کے قتل کے المناک واقعہ پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم محمد افضل حسین ایک غیر معمولی انسان تھے اور یہ یقینی طور پر ایک بہت بڑا نقصان ہے۔

سفیر پاکستان نے نیو میکسیکو کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے اقلیتوں کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے نیو میکسیکو کے ساتھ سسٹر پرونس معاہدے کے قیام کی تجویز بھی شئیر کی جس سے کانگریس وومن سٹینزبری نے مکمل طور پر اتفاق کیا۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے میلینی سٹینزبری کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے بخوشی قبول  کیا۔