سجاول(ٹی این ایس)ڈپٹی کمشنر سجاول کی زیر قیادت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں “یوم سیاہ ” ریلی اور تقریب کا انعقاد

 
0
130

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے “یوم سیاہ” منانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سجاول کی جانب سے ڈپٹی کمشنر عبدالواجد شیخ کی قیادت میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سے گورنمنٹ برائز ڈگری کالج سجاول تک ایک شاندار ریلی نکالی گئی. اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اور کشمیری جھنڈے اٹھاتے ہوئے انڈین فوج کی گنڈہ گردی اور کشمیری حریت پسندوں کے حق میں سخت نعرے بازی بھی کی۔ بعد ازیں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالواجد شیخ نے کہا کہ 27- اکتوبر1947 کو بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کشمیر پرغاصبانہ فوجی قبضہ کیا اور مسلمانان کشمیر پر بھارتی ظلم و ستم، وحشیانہ تشدد اور ریاستی دہشت گردی کے بدترین سلسلے کا آغاز ہوا جو آج تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں طویل عرصہ سے کرفیو جاری ہے جس سے کشمیری عوام کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری پیار علی خواجہ، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سجاول پروفیسر محمد حسن بھٹی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں طلبہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ٹیبلوز اور تقاریر بھی پیش کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالکریم سنگراسی، اسسٽنٽ کمشنر سجاول رضوان عالم شیخ کے علاوہ محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، روینیو، لوکل گورنمنٹ و دیگر مختلف محکموں کے افسران و عملے، مختلف این جی اوز کے نمائندوں، میڈیا اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی.