اسلام آباد(ٹی این ایس) خاتون اول ثمینہ علوی نے بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتالوں، غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیاہے کہ وہ میڈیکل سیٹ اپ میں اسکریننگ کی بہتر سہولیات پر کام کریں

 
0
106

اسلام آباد : خاتون اول ثمینہ علوی نے بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتالوں، غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیاہے کہ وہ میڈیکل سیٹ اپ میں اسکریننگ کی بہتر سہولیات پر کام کریں تاکہ خواتین میں چھاتی کے کینسر کا ابتدائی مراحل میں پتہ چل سکے، جلد تشخیص سے ملک میں ہزاروں خواتین کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں، انہوں نےان خیالات کا اظہارجمعہ کو ایوان صدر میں منعقدہ چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،خاتون اول ثمینہ علوی کا مزید کہنا تھا کہ میموگرام اور الٹراساؤنڈ کے ذریعے جلد تشخیص سے مریضوں کی اموات کی شرح میں 98 فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سیلولر سروسز کے ذریعے اردو زبان میں 140 ملین ٹیکسٹ میسجز اور رنگ ٹونز بھیجے، جاری کردہ پیغامات میں عام لوگوں کے لیے چھاتی کے کینسر، اس کی علامات، خود معائنہ اور بروقت علاج کے بارے میں معلومات شامل تھیں،ثمینہ علوی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایوان صدر کے پلیٹ فارم سے ان کی مسلسل مہم نے پہلے اور دوسرے مرحلے میں چھاتی کے کینسر کی رپورٹنگ کو بڑھانے میں مدد کی۔انہوں نے کہا کہ جلد تشخیص سے ملک میں ہزاروں خواتین کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر پانچ منٹ خود معائنہ کرنے کی مشق کریں اور کسی بھی غیر معمولی گانٹھ کا پتہ لگانے کے لیے فوری طور پر طبی مشورہ لیں۔ثمینہ علوی نے اسلام آباد کی ایک نجی ہسپتال کی جانب سے چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے لیے 31 دسمبر تک رعایتی میموگرامز اور الٹراساؤنڈز کی اسکریننگ کی سہولیات کی پیشکش کی تعریف کی اور دیگر اسپتالوں کو بھی اس کی پیروی کرنے پر زور دیا۔انہوں نے قومی اور مقامی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چھاتی کی آگاہی میں میڈیا نے لوگوں کو بہت آگاہی دی انہوں نے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ سال بھر مستقل بنیادوں پر اپنے پروگراموں کے ذریعے اس بیماری کو اجاگر کرتے رہیں۔اسلام آباد کے نجی ہسپتال کے سی ای او نے کہا کہ خاتون اول کی سرپرستی میں آگاہی مہم کے نتیجے میں چھاتی کے کینسر کے مریضوں کے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا، اس طرح اموات کی شرح میں کمی آئی۔ انہوں نے اپنے ہسپتال میں اسکریننگ کی سہولیات کے ذریعے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پروگرام کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔