غزہ (ٹی این ایس) اسرائیل نے غزہ میں سب کو ملیہ میٹ کرنے کے بعد یہودی آباد کاری کا منصوبہ بنا دیا

 
0
2973

اسرائیل نے غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں میں ناجائز یہودی بستیوں کا نیا منصوبہ تیار کرلیا جبکہ امریکہ اور فرانس کی جانب سے اس اقدام کی مذمت کی گئی ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں واپسی کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی سلامتی وزیر اور ارکان پارلیمنٹ بھی پیش پیش رہے، کانفرنس میں غزہ میں 6 غیرقانونی بستیوں سمیت 21 تعمیرات کا نقشہ پیش کیا گیا۔

دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں واپسی کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس پر امریکا اور فرانس کی جانب سے مذمت کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان وائٹ ہاوس جان کربی کا کہنا تھا کہ واضح کرچکے غزہ کی سرزمین میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں ،اسرائیلی بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 215 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کے پناہ گزین اسکول کا محاصرہ کرلیا، گولہ باری اور فائرنگ سے 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔