امارات میں نو ایرانی شخصیات اور اداروں کے کھاتے منجمد کرنے کے اقدامات

 
0
342

شک کی صورت میں سکیورٹیز اینڈ کموڈیٹیز اتھارٹی یا منی لانڈرنگ یونٹ کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا،حکام
ابوظہبی04جولائی(ٹی این ایس)متحدہ عرب امارات میں حکام نے سکیورٹیز اور کموڈیٹیز کے شعبے میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں اْن اقدامات کی پیروی کو لازم قرار دیا گیا ہے جو 2018ء میں کابینہ کی قرار داد نمبر 24 پر عمل درامد کے لیے ضروری ہیں۔ کابینہ کی یہ قرار داد دہشت گرد افراد اور تنظیموں سے متعلق امارات کی منظور شدہ فہرست سے متعلق ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اتھارٹی کے اقدامات میں تمام متعلقہ کمپنیوں سے یہ مطالبہ شامل ہے کہ فہرست میں شامل افراد اور اداروں کی تلاش اور اْن کے کھاتوں، مالی رقوم، سکیورٹیز اور کموڈیٹیز کے منجمد کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ اس حوالے سے اماراتی فہرست میں ایرانی شہریت کے حامل 9 افراد اور ادارے شامل ہیں۔اتھارٹی کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے شک کی صورت میں سکیورٹیز اینڈ کموڈیٹیز اتھارٹی یا منی لانڈرنگ یونٹ کے ساتھ رابطہ کیا جانا چاہیے۔اتھارٹی نے کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ منی لانڈرنگ اور مشکوک کیسوں سے نمٹنے کے لیے مرکزی بینک اور سکیورٹیز اینڈ کموڈیٹیز اتھارٹی کو فوری طور پر کھاتوں کے منجمد کیے جانے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کی اطلاع دی جائے۔ اتھارٹی نے باور کرایا ہے کہ نوٹیفکیشن پر پوری طرح عمل درامد سے کمپنیاں خود کو متحدہ عرب امارات اور بیرون ملک سخت پابندیوں سے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔