راولپنڈی (ٹی این ایس) پاکستان شاہینز اور سری لنکا کے درمیان پہلا چار روزہ میچ آ ج سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

 
0
19

اصغر علی مبارک)
راولپنڈی ;پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا چار روزہ میچ آ ج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ دوسرا چار روزہ میچ 18 سے 21 نومبر تک کھیلا جائے گا جبکہ سیریز میں 50 اوورز کے تین میچز25 سے 29 نومبر تک اسی میدان میں کھیلے جائیں گے۔ چار روزہ میچز صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوں گے۔پاکستان شاہینز کی کپتانی محمد ہریرہ کریں گے، جو پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سری لنکا اے جو پاکستان کا پہلا دورہ کر رہی ہے، چار روزہ میچوں میں اس کے کپتان پاسندو سوریابندارا ہوں گے جبکہ نووانیڈو فرنینڈو ون ڈے کی سیریز میں قیادت کریں گے۔ چار روزہ اسکواڈ میں پانچ کرکٹرز حیدر علی، حسین طلعت، خرم شہزاد، محمد وسیم جونیئر اور روحیل نذیر پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ مزید برآں 14 رکنی اسکواڈ میں سے چار کھلاڑی علی زریاب، محمد ہریرہ، محمد رمیز جونیئر اور سعد خان نے دو ماہ قبل اسلام آباد میں بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ سیریز میں حصہ لیا تھا۔ محمد ہریرہ نے سیریز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شاہینز کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ہماری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جنہوں نے یہاں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مفید تربیتی سیشنز کیے ہیں اور وہ آئندہ سیریز میں کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان شاہینزکے لیے کھیلنا کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا راستہ فراہم کرے گا اور سلیکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کا موقع ملنے کے لیے متاثر کرے گا۔ مہمان کپتان پاسندو سوریابندارا نے کہاکہ جب سے ہم یہاں پاکستان پہنچے ہیں ہم نے یہاں کے لوگوں کی جانب سے بہت محبت اور مہمان نوازی دیکھی ہے۔ ہمارے پاس مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ اچھی ٹیم ہے اور ایک اچھا بولنگ اٹیک بھی ہے۔ ہمارے ذہن میں ایک وقت میں ایک گیم ہے اور ہم سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان شاہینز کا چار روزہ اسکواڈ:

محمد ہریرہ (کپتان) (سیالکوٹ) عبدالفصیح (راولپنڈی)، احمد صفی عبداللہ (فیصل آباد)، علی زریاب (لاہور)، حیدر علی (راولپنڈی)، حسین طلعت ( لاہور)، کاشف علی (راولپنڈی)، خرم شہزاد (فیصل آباد) محمد غازی غوری (کراچی)، محمد رمیز جونیئر (لاہور)، محمد وسیم جونیئر (فاٹا)، روحیل نذیر (اسلام آباد)، سعد خان (حیدرآباد) اور ثمین گل (فاٹا)

سری لنکا اے کا چار روزہ اسکواڈ:
پاسندو سوریابندارا (کپتان)، آہان وکرماسنگھے، اشیان ڈینیئل، چمیکا گونا سیکرا، دنورا کالوپہانا، اسیتھا وجےسندرا، نپون دھنن جایا، نسالا تھراکا، اوشادا فرنینڈو، پون رتنائیکے، پلندو پریرا، سونل دینوشا، وشوا فرنینڈو اور ونوجا ساہن۔
پہلا چار روزہ میچ ۔ آصف یعقوب اور ذوالفقار جان (آن فیلڈ امپائرز)، عمران جاوید (تھرڈ امپائر)، اقبال شیخ (میچ ریفری)۔

18-21 نومبر۔دوسرا چار روزہ میچ۔ راشد ریاض اور عمران جاوید ( آن فیلڈ امپائرز) ۔ ذوالفقار جان ( تھرڈ امپائر)۔ اقبال شیخ ( میچ ریفری) ۔