پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا حصہ بننے پر فخر ہے،فاف ڈوپلیسی

 
0
7416

لاہور ستمبر 11 (ٹی این ایس) ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کی طرح ورلڈ الیون بھی عالمی کرکٹ کی بحالی کا جشن منارہی ہے، پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کی قیادت پر فخر ہے، خوشی ہے شائقین کرکٹ سیریز میں دلچسپ مقابلے دیکھیں گے۔

لاہور میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈپلوسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اینڈی فلاور نے کہا کہ پاکستانی قوم کی طرح ورلڈ الیون ٹیم میں شامل کرکٹر بھی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا جشن منا رہے ہیں۔کوچ اینڈی فلاور نے کہا کہ 2009 کے بعد سے پاکستان کے شائقین انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم ہیں اور اس بہادر قوم کو عالمی کرکٹ سے دوری سہنا پڑی،پاکستان کے عوام اب کرکٹ اپنے ملک میں دیکھیں گے اور یہ خوشی کی بات ہے اور شائقین کرکٹ سیریز میں دلچسپ مقابلے دیکھیں گے۔

اینڈی فلاور نے کہا کہ پاکستان کرکٹ نے 8 برس کے عرصے میں کئی اہم سنگ میل عبور کیے، کوچ کی حیثیت سے مجھے ورلڈ الیون کی نمائندگی کرنے پر خوشی ہے۔کوچ ورلڈ الیون نے کہا کہ پاکستان نے 90 کی دہائی میں زمبابوے کرکٹ کی بہت مدد کی اور پاکستان کی مدد سے زمبابوے کرکٹ کو فروغ ملا۔

پریس کانفرنس سے قبل ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی کو ان کے نام کی شرٹ بھی دی گئی۔اس موقع پر فاف ڈپلوسی نے کہاکہ پاکستانی عوام کی میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں اور امید ہے کہ شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔فاف ڈپلوسی نے کہا کہ پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کی قیادت پر فخر ہے جس کا بولنگ اٹیک اچھا ہے اور ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی عالمی شہرت یافتہ اور ہر اعتبار سے متوازن ہیں۔