پشاور (ٹی این ایس)(آئی پی ایس )وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ چھوٹے چھوٹے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں عام شہریوں کی ہلاکتیں برداشت نہیں کریں گے، وفاقی حکومت اور وفاقی وزرا پر افسوس ہے کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں کو انہوں نے ایسا رنگ دیا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کاٹلنگ میں ہونے والے ڈرون حملے میں 10 شہریوں کی ہلا کتوں کے حوالے سے کہا کہ اس انٹیلی جنس آپریشن میں ہمارے 10 بے گناہ شہری جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،
جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور ہماری ذمے داری بھی ہے کہ اپنے شہریوں کو تحفظ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر چیز پر سیاست نہ کی جائے، مجھے وفاقی حکومت، اور وفاقی وزرا پر افسوس ہے کہ جس طریقے سے ہمارے شہری شہید ہوئے اور انہوں نے اس واقعے کو ایسا رنگ دیا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو جبکہ یہ ناکامی ان کی ہے۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوب میں سارے اضلاع دہشت گردی کی لپیٹ میں آئیہوئے ہیں، اسی علاقے میں یہ دہشت گرد پائے جاتے ہیں، یہیں دو بڑے دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں جن کے سروں کی قیمت مقرر کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملتی ہے وہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوتے رہتے ہیں، اور اس میں فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کرتے ہیں، تاہم اس ( کاٹلنگ آپریشن) انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن سے ہماری حکومت لاعلم تھی اور نہ ہی ہماری پولیس کو پتا تھا، یہ آپریشن خالصتا وفاقی حکومت کے ماتحت آنے والے اداروں کا تھا۔