قائمقام امیرجماعت اسلامی پنجاب کا صوبے بھر میں ناقص امن وامان کی صورتحال پر اظہار تشویش

 
0
331

لاہور(این این آئی )قائمقام امیرجماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے لاہور سمیت صوبے بھر میں ناقص امن وامان کی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ آئے روزلاکھوں روپوں کے ڈاکے،چوریاں اور قتل وغارت گری کی خبریں شہ سرخیوں کی صورت میں اخبارات میں آتی رہتی ہیں مگر قانون نافذکرنے والے ادارے،سیکیورٹی ایجنسیاں اور پولیس صوبے میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح کوروکنے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ جوکہ حکمرانوں کی گڈگورننس پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبائی حکومت جرائم کوکنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔تھانے جرائم پیشہ عناصر کی آماہ جگاہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوراصوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔رشوت خوری کے باعث اصل حق دار کو انصاف ملنا تو درکنارشنوائی تک نہیں ہوتی۔صوبے کے11کروڑعوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت امن وامان کویقینی بنائے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں جب تک تھانہ کلچر میں اصلاحات نہیں لائی جاتیں فرسودہ نظام کا خاتمہ ممکن نہیں۔عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے مگر بدقسمتی سے اس حوالے سے اقدامات نہیں کیے جارہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ صوبے میں میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔کرپٹ عناصر کومنظم پلاننگ کے تحت اہم اداروں میں بھرتی کیاجارہا ہے۔