اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کی ایران پر امریکی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت

 
0
21

اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کی ایران پر امریکی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری تنصیبات پر بلا اشتعال امریکی حملہ ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، اقوام متحدہ کے چارٹر اور اس کے اپنے آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ایسا نہیں ہے کہ اس حملے کو کسی بھی طرح سے جائز قرار دیا جاتا، یہاں تک کہ کانگریس کی منظوری بھی نہیں مانگی گئی۔ ایران پر ایک ایسے وقت میں حملہ کیا گیاجب اسے پہلے ہی اسرائیلی جارحیت کا سامنا تھا،جس کا مقصد ایران کو تابعداری میں لانا تھا، خطے میں موجودہ کشیدگی کو مزید بڑھا دے گا۔مذمتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حملہ بین الاقوامی معاہدوں، اصولوں ، قانون کی پابندیوں، پرامن بقائے باہمی کے تصور کے احترام اور انسانیت کے تقاضوں کی حقارت آمیز غفلت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ اس عمل میں، دنیا کو ایک بے قابو ہنگامے کے کنارے پر دھکیل دیا گیا ہے۔

مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس بلااشتعال حملے کی شدید مذمت کرتی ہے ،پی ٹی آئی ایران کے خلاف مخاصمت کے مکمل خاتمے اور جارحیت کاسہارا لئے بغیرپرامن طریقے سے تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنے وسائل کو پرامن مقاسد کیلئے استعمال کرنے کے حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے،ہم اپنے برادر ملک کے عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں جو اپنی آزادی کے حق پر زور دینے کی جنگ میں مصروف ہیں۔