اسلام آباد، یکم اکتوبر 2025 (ٹی این ایس): پاکستان اور نائیجیریا کی دوستی نائیجیریا کے یومِ آزادی کی تقریبات میں جگمگا اٹھی
ہائی کمیشن آف نائیجیریا اور انٹرنیشنل گرامر اسکول (آئی جی ایس) اسلام آباد میں یومِ آزادی نائیجیریا کی شاندار تقری
ہائی کمیشن آف نائیجیریا نے انٹرنیشنل گرامر اسکول ایف الیون فور (آئی جی ایس) اسلام آباد کے اشتراک سے نائیجیریا کا یومِ آزادی نہایت رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اسکول میں منایا۔
ہائی کمیشن آف نائیجیریا کے مالی امور کے اتاشی، محتاری بی بی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جو ہائی کمشنر کی نمائندگی کر رہے تھے جن کے ہمراہ سفارت خانے کے دیگر افسران اور اسلام آباد میں مقیم نائیجیریا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں محتاری بی بی نے نائیجیریا کے یومِ آزادی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور (آئی جی ایس) کے انتظامیہ کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور نائیجیریا کے قومی ترانوں سے ہوا جو طلبہ نے پیش کیے۔ بعد ازاں ہائی کمیشن آف نائیجیریا کے ناظم الامور کی اہلیہ مسز عائشہ یوشو محمد اور (آئی جی ایس) کی پرنسپل مسز بی اے قریشی نے دیگر مہمانوں کے ساتھ مل کر یادگاری کیک کاٹا۔ اس موقع پر مسز قریشی نے اساتذہ کی محنت کو سراہا، طلبہ کی شاندار پرفارمنس کو خراجِ تحسین پیش کیا اور نائیجیریا کے ہائی کمیشن کا قریبی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی اور نائیجیرین طلبہ نے دونوں ممالک کی ثقافتی روایات کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار رقص پیش کیے جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو نائیجیریا کے روایتی پکوان پیش کیے گئے۔ یہ تقریب نائیجیریا کی آزادی کی خوشی منانے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات اور ثقافتی تبادلے کی عکاس بھی تھی۔













