خانیوال (ٹی این ایس) کریک ڈاؤن سے کلین سویپ تک — خانیوال پولیس نے کمانڈر کی قیادت میں جرائم کے قلع قمع کا آغاز کر دیا

 
0
34

خانیوال (ٹی این ایس) ضلع خانیوال میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس فورس نے ایک فیصلہ کن آپریشن شروع کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں ڈی پی او خانیوال کی زیرِ قیادت ہو رہی ہیں، جنہیں آپریشنل کمانڈر کے طور پر ضلع میں ہر لمحہ نگرانی حاصل ہے اور وہ جرائم کے خلاف ہر محاذ پر رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

ڈی پی او خانیوال کی زیر صدارت ڈی پی او آفس کمیٹی روم میں ہائی لیول آپریشنل اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انچارج انوسٹی گیشن اور تفتیشی افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ڈی پی او خانیوال نے واضح ہدایات جاری کیں کہ قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی، چوری، رابری، راہزنی اور اسٹریٹ کرائم کی روک تھام ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے حکم دیا کہ ڈکیت گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز تر کیا جائے، مالِ مسروقہ ہر قیمت پر برآمد کیا جائے اور منشیات فروشوں و ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلا امتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ ڈی پی او خانیوال نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مشن شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی بھی قسم کی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق 2025 میں جرائم کی شرح 2024 کے مقابلے میں نمایاں کم ہوئی ہے۔ مختلف کارروائیوں کے دوران 106 ڈکیت گینگز تباہ، 240 ملزمان گرفتار، 151.3 ملین روپے کا مال مسروقہ برآمد، 32 بڑے منشیات نیٹ ورک ختم اور 766 کلوگرام منشیات ضبط کی گئی۔ اس کے علاوہ دس پولیس مقابلے ہوئے اور متعدد ہتھیار، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور دیگر مال برآمد کیے گئے۔

ڈی پی او خانیوال نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے اور چالان فوری طور پر عدالتوں کو بھجوائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام کا سلوک کیا جائے، کیونکہ پولیس کا وقار عوامی اعتماد سے جڑا ہوا ہے۔ ناکہ بندی اور گشت کے نظام کو مزید مضبوط کیا گیا، ناکہ بندی پوائنٹس پر فول پروف چیکنگ اور مشکوک افراد پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

ڈی پی او خانیوال نے واضح کیا کہ پولیس فورس صرف قانون نافذ کرنے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک عوامی خدمت کا مشن ہے۔ ان کی قیادت میں خانیوال پولیس نے جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے مربوط، سخت اور فیصلہ کن حکمت عملی اپنائی ہے۔

یہ آپریشنل اقدامات ضلع خانیوال میں ایک نئے دور کا آغاز ہیں، جہاں جرائم کی بیخ کنی اور شہریوں کے تحفظ کو پہلی ترجیح دی جا رہی ہے۔ ڈی پی او خانیوال کی قیادت میں خانیوال پولیس ہر محاذ پر جرائم کے خاتمے کے لیے مستعد اور پرعزم ہے۔