خانیوال (ٹی این ایس) ڈی ایس پی خالد جاوید جوئیہ کی قیادت میں پولیس کا بڑا آپریشن، بدنامِ زمانہ منشیات فروش رانا طاہر گرفتار

 
0
14

خانیوال (ٹی این ایس): ڈی ایس پی خالد جاوید جوئیہ کی قیادت میں پولیس کا بڑا آپریشن، بدنامِ زمانہ منشیات فروش رانا طاہر گرفتار

ڈی پی او اسماعیل کھاڑک کا اعلان — منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس، کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی

خانیوال تھانہ سٹی پولیس نے پولیس ڈی ایس پی خالد جاوید جوئیہ کی قیادت میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران بدنامِ زمانہ منشیات فروش رانا طاہر کو گرفتار کر لیا۔ آپریشن خفیہ اطلاع پر حیدر سٹی ٹاؤن کے قریب کیا گیا، جہاں پولیس نے فوری گھیراؤ کر کے ملزم کو رنگے ہاتھوں دھر لیا۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 12 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد ہوئی، جسے وہ شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔

ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ضلع خانیوال میں منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ “منشیات کے دھندے میں ملوث کسی بھی فرد کو قانون کی گرفت سے نہیں بچنے دیا جائے گا، چاہے اس کے اثر و رسوخ کتنے ہی مضبوط کیوں نہ ہوں۔”

ڈی پی او نے مزید کہا کہ پولیس فورس قوم کے مستقبل کو منشیات کے زہر سے محفوظ بنانے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے۔ “یہ جنگ صرف پولیس نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ہے، اور ہم اس جنگ کو آخری حد تک لڑیں گے۔”

پولیس ذرائع کے مطابق خالد جاوید جوئیہ کی قیادت میں تیار کردہ ٹیم نے کئی دنوں کی مسلسل نگرانی کے بعد ملزم کی سرگرمیوں پر نظر رکھی اور جب ٹھوس شواہد حاصل ہوئے تو فوری چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا گیا۔ رانا طاہر ایک عرصے سے منشیات کے مکروہ کاروبار میں سرگرم اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مزید سہولت کاروں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ خانیوال پولیس نے گزشتہ ہفتوں کے دوران متعدد کارروائیوں میں بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی ہیں اور درجنوں ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔

ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرے کو منشیات کے عفریت سے پاک کرنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ “قانون کی عملداری، امن کی بحالی اور نوجوان نسل کو نشے سے بچانا ہمارا فرض ہے،” انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا۔