اسلام آباد (ٹی این ایس) منسٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی طرف سے جاری کردہ لیٹرنمبر4(8)92-پالیسی 04-11-2025 کے تحت اور سی ڈی اے مزدور یونین کی ڈیمانڈپر سی ڈی اے نے ادارے میں کام کرنے والے تمام ملازمین کے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فی صد اضافے کی منظوری دے دی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ یکم نومبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، بورڈ ممبران اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے 2008میں تمام ملازمین کی رینٹل سیلنگ تنخواہ کے ساتھ فکس کروائی جس کی بدولت تمام ملازمین اس سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں،
انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں ہاؤس رینٹل سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ ملازمین کے لیے خوش آئند اقدام ہے یقینا اس سے نہ صرف ملازمین کی مالی مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بھی مددملے گی۔چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مزدور یونین ہمیشہ سے ملازمین کے حقوق کی محافظ رہی ہے اور آئندہ بھی مزدوروں کی بہتری اور ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔













