اسلام آباد (ٹی این ایس) پریزیڈنٹ سول سروسز اکیڈمی ایمپلائز ایسوسی ایشن، رانا محمد ارشد نے سول سروسز اکیڈمی کے تمام فیکلٹی ممبران، شرکاء، مہمانانِ گرامی ٹریفک پولیس کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے روڈ سیفٹی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ میں بھرپور شرکت اور تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل جناب فرحان عزیز خواجہ اور ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن جناب بلال اکرم بھٹ صاحب کی خصوصی ہدایات پر ایسے اہم اور وقت کی ضرورت کے مطابق پروگرام کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ان کی رہنمائی کی بدولت اکیڈمی میں اسٹاف کی جدید خطوط پر تربیت، آگاہی اور پیشہ ورانہ شرکت کو فروغ ملا ہے رانا محمد ارشد نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں، خصوصاً ای چالان کے بڑھتے ہوئے نظام اور ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ کے تناظر میں، اس ورکشاپ نے اسٹاف میں نہ صرف شعور پیدا کیا بلکہ عملی رہنمائی بھی فراہم کی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک، قانون کی پاسداری اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ آج کے تقاضوں میں کتنی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اور دیگر محکموں کی ماہر ٹیموں نے موثر انداز میں معلومات فراہم کر کے یہ ثابت کیا کہ اداروں کے درمیان تعاون سے ہی بامقصد تبدیلی لائی جاسکتی ہے آخر میں رانا محمد ارشد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسی آگاہی ورکشاپس مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ سول سروسز اکیڈمی کا اسٹاف بدلتے حالات سے ہم آہنگ رہتے ہوئے ذمہ داری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھ سکے…













