پنجاب حکومت  کی ڈینگی سےمتعلق  ویب سائٹ دیکھنے والوں کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے

 
0
1135

لاہور، ستمبر 27 (ٹی این ایس):  ڈینگی سے محفوظ پنجاب پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جنرل ہسپتال کی ڈینگی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے،احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس بیماری کے علاج معالجے کے متعلق بنائی گئی ویب سائٹ www.lgh.org.pkدیکھنے والوں کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور اس تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جبکہ جنرل ہسپتال کے فیس بک کے پیج www.facebook.com/lghlahoreسے بھی لوگ رہنمائی حاصل کر رہے ہیں، اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ عہد حاضر میں ویب سائٹ جیسے اقدام شہریوں کو بروقت معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بالخصوص ڈینگی جیسے وبائی مرض کے خطرے سے نمٹنے اور بدلتے ہوئے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے عام شہری مذکورہ ویب سائٹ سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں جو کہ اس کی بڑھتی ہوئی تعداد سے ثابت ہو رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے بارے میں معلومات اردو زبان میں ہونے کے ناطے عام شہریوں کیلئے زیادہ قابل فہم ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ اس ویب سائٹ کی کامیابی دیکھتے ہوئے دیگر موسمی بیماریوں اور وباؤ ں کے بارے میں بھی سپیشل پیجزبنانے کی منصوبہ بندی ہو ر ہی ہے تاکہ شہریوں کو گھر بیٹھے ضروری معلومات اور احتیاطی تدابیر سے رہنمائی حاصل ہو سکے۔پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ میں ایل جی ایچ پنجاب حکومت اور محکمہ صحت کی طرف سے دیے گئے احکامات پر سختی سے عمل کر رہا ہے ،ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا اعلیٰ معیار قائم رکھا جا رہا ہے اور مریضو ں اور ان کے لواحقین کو ڈینگی کے متعلق ہر ممکن رہنمائی اور مدد دی جا رہی ہے جبکہ نئے آنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی سے متعلق لیکچرز دیے جاتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا ،پرنسپل پی جی ایم آئی نے بتا یا کہ جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے پچھلے برسوں کا بھی ڈینگی سے متعلق مکمل ریکارڈ رکھا ہوا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر ایسے مریضوں سے رابطہ ہو سکے ، انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے گھروں کے علاوہ گلی محلے میں بھی صفائی کی اہمیت پر توجہ دیں اور ڈینگی و دیگر بیماریوں کے خلاف بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اپنا قومی و سماجی فرض ادا کریں۔