فاٹا کے غیورعوام نے قیام پاکستان سے لے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں،اسدقیصر

 
0
395

پشاور،اکتوبر05(ٹی این ایس): سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرے اور فاٹا اصلاحات پر عملدآمد کرانے میں تاخیری حربے استعمال کرکے فاٹاکے عوام کونہ صرف ان کے آئینی اور جمہوری حق سے محروم بلکہ 2018کے عام انتخابات سے قبل سیا سی مقاصد حاصل کر رہی ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ فاٹا کے غیورعوام نے قیام پاکستان سے لے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک وقوم کے استحکام کے لئے بے پنا ہ جانی ومالی قربانیاں دی ہیں۔پاکستان تحریک انصاف فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام اور فاٹا کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔ان خیالات کا اظہار سپیکر صوبائی اسمبلی نے مہمندایجنسی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے نمائندہ وفد سے جمعرات کے روز سپیکر چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔وفد کی قیادت ساجد خان مہمند کر رہے تھے ان کے علاوہ رحیم شاہ ،تاج بر خان مہمند ،نوید احمد اور سجاد خان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔وفدنے سپیکر کو بتایا کہ وفاقی حکومت فاٹا اصلاحات کو قبائلی عوام کو خواہشات کے مطابق عملی جامہ پہنانے میں تاخیری حربوں سے کام لے رہی ہے جس سے وہاں کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی اورتشویش پائی جاتی ہے۔وفدنے بتایا کہ فاٹا میں ایک صدی سے رائج ایف سی آر کا قانون فاٹا کی ترقی میں ایک بڑی رکاؤٹ ہے جس کا فوری خاتمہ ہو نا چاہیئے۔ایف سی آر کے کالے قانون کے باعث فاٹا کے عوام انصاف کے حصول سے محروم ہیں۔وفدنے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی فاٹا میں اصلاحات کے فوری نفاذاور خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام اور آئندہ عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی میں نمائندگی اورہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کا مطالبہ کرتی ہے۔اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے وفد سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ قیام امن اور پاکستان بقاء4 واستحکام کیلئے فاٹا کے عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھگی چھپی نہیں۔فاٹا کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے سرحدات کی حفاظت کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔سپیکر نے کہا کہ وفاقی حکومت فاٹا کے عوام کی محرومیوں کے فوری اذالے اور انہیں پاکستان کے دیگر شہریوں کے مساوی آئینی و جمہوری حقوق دینے کے فاٹا ااصلاحات کا بلا تاخیر نفاذ عمل میں لائے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر قیام پاکستان کے مقصد کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔اسد قیصر نے کہا فاٹا کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا اور پختونخوا کے عوام کا طرز زندگی،رسم و رواج مشترک ہیں۔صوبے کی عوام نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ فاٹا کے عوام کی دل کھول کر مدد کی ہے اور آئندہ بھی وہ ان کا بھرپور ساتھ دیتے رہینگے۔سپیکر نے وفاقی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ فاٹا میں انفراسٹرکچر کی بحالی اور وہاں کے عوام کے مالی نقصانات کے ازالے کے لئے فوری طور مالی پیکج کا اعلان کرے۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے فاٹا کے عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے جبکہ صوبے کے ساتھ انضمام کیلئے اسمبلی سے متفقہ طور پر قرارداد بھی منظور کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا وفاقی حکومت اور اس کے اتحادی فاٹا کے صوبے کے ساتھ انضمام اور اصلاحات کے نفاذ پرسیاست نہ کریں اور قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق فوری عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔