پنجاب کے ہر ضلع میں شہر خموشاں کی طرز پر ماڈل قبرستان بنائے جائیں گے ‘شہبازشریف 

 
0
485

لاہور،اکتوبر05(ٹی این ایس): وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر خموشاں کی طرز پر قبرستان بنانے کے پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اتھارٹی کیلئے بھرتیوں کی بھی منظوری دیدی گئی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 ڈویژن کیساتھ پنجاب کے ہر ضلع میں شہر خموشاں کی طرز پر ماڈل قبرستان بنائے جائیں گے لہذا شہر خموشاں کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی اراضی کی نشاندہی کرکے آئندہ چند روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر خموشاں کا دائرہ کار بڑھانے کے حوالے سے اراضی کی نشاندہی کے کام میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہر خموشاں اتھارٹی کے دفاتر بھی اسی جگہ بنائے جائیں جہاں قبرستان بنانے کیلئے اراضی کی نشاندہی ہو،اس سے وسائل کی بچت بھی ہوگی۔ شہر خموشاں کیلئے سٹرکچرل ڈیزائن کو مناسب بنایا جائے تاکہ قبرستان کیلئے زیادہ جگہ دستیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ آبادی بڑھنے کیساتھ نئے قبرستان بنانا ضروری ہو گیا ہے اور شہر خموشاں کا دائرہ کار بڑھنے سے میتوں کو دفنانے کی سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام کرنیوالے دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ اس نیک کام کو محنت کیساتھ آگے بڑھانا ہے۔ ڈی جی پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی سلمان صوفی نے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، منشاء اللہ بٹ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسان، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ میئرز اور کمشنرز نے اپنے اپنے ڈویژنز سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔