وزیر داخلہ کاپاسپورٹ ہیڈکوارٹر کا دورہ

 
0
354

اسلام آباد اکتوبر 6(ٹی این ای) وزیر داخلہ چودھری احسن اقبال نے ڈی جی پاسپورٹ کو بڑے شہروں میں ایگزیکٹو پاسپورٹ آفسز کا قیام فوری عمل میں لانے، نادرا کیساتھ مل کرای پاسپورٹ حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ اور شہریت کے قوانین میں دور حاضر کے مطابق ترامیم اوراصلاحات کی جائیں ،پاسپورٹ اور امیگریشن ادارے میں موجود کالی بھیڑوں اور بد عنوانی میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی ،ایجنٹ مافیا کے انسداد کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ چودھری احسن اقبال نے پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹ عثمان اختر باجوہ نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پچھلے چار سال میں پاسپورٹس کے اجراء میں 30فیصد اور ریوینو میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے، انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال 2016-17ء میں 22 ارب کا ریوینو قومی خزانہ میں جمع کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ کو ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں ایگزیکٹو پاسپورٹ آفسز کا قیام فوری عمل میں لایا جائے،نادرا کیساتھ مل کرای پاسپورٹ حکمت عملی مرتب کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ اور شہریت کے قوانین میں دور حاضر کے مطابق ترامیم اوراصلاحات کی جائیں ،انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے حصول کے حوالے سے صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ اور امیگریشن کے ادارے میں موجود کالی بھیڑوں اور بد عنوانی میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی ،ایجنٹ مافیا کے انسداد کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ،انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے مکمل استفادہ حاصل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ آفسز کی املاک میں صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔