اسلام آباد اکتوبر 6 (ٹی این ایس) وزیر مملکت اطلاعات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے حکومت قومی ورثے، فلموں اور کھیلوں کی بحالی کامشکل ہدف حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے شروع کی گئی بھرپورمہم کے نتیجے میں پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اسی مہم کی کامیابی کے نتیجے میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے اور کانفرنسیں پاکستان میں منعقد ہورہی ہیں۔ پاکستان میں کھیلوں کی واپسی امن کی واپسی ہے ، گزشتہ 30سالوں میں پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے باعث جو وقت گزارا ،یہاں کی عوام ، فوج ، پولیس اور دیگر اداروں نے جو قربانی دی ہے وہ ساری دنیا کے سامنے ہے ، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف جو کہ خود سپورٹس مین رہے ہیں نے سپورٹس کیلئے بہت کام کیا ہے ،ملک میں کھیلوں کو اجاگرکرنے میں میڈیا کا بھی اہم کردار رہا ہے ، خوشی ہے آئی پی ایس ایشیا کانگریس میں شرکت کیلئے آنیوالے پاکستان کا اچھا امیج اپنے ممالک میں لیکر جائینگے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن (پی ایس ڈبلیو ایف) کے زیر اہتمام20 ویں انٹرنیشنل سپورٹس پریس ایسوسی ایشن (اے آئی پی ایس) ایشیا ء کی غیر معمولی کانگرس اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے آئی پی ایس کے صدر جیانی مرلو، نائب صدر اول ازت یالمیر، پی ایس ڈبلیو ایف کے صدر امجد عزیز ملک، سیکرٹری زاہد فاروق اور دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کانگریس میں پاکستان کے 80 مندوبین کے علاوہ 33 ممالک کے 70 مندوبین شرکت کر رہے ہیں جن میں منتظمین بھی شامل ہیں، کانگریس کا اہتمام وفاقی وزارت اطلاعات، ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوااور دیگر سرکاری وغیرسرکاری اداروں کے تعاون سے کیا گیا ہے۔تین روزہ کانگرس میں عالمی سطح پر کھیلوں کو درپیش چیلنجوں و مشکلات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ پاکستان میں کھیلوں میں ہونے والی پیشرفت سے غیر ملکی مندوبین کو آگاہ کیا جائیگا۔