دبئی اکتوبر 8(ٹی این ایس): پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سرفراز الیون 262رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے جبکہ دوسری اننگز میں سری لنکا نے کھیل کے اختتام پر 5وکٹیں کھو کر 34رنز بنالیے ہیں اور اسے پاکستان کیخلاف مجموعی طور پر 254رنز کی برتری حاصل ہے ۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کے 482 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 51 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کیا تاہم دونوں اوپنرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 65 رنز پر واپس پویلین لوٹ گئے، شان مسعود نے 16 اور سمیع اسلم نے 39 رنز بنائے، اوپنرز کے آﺅٹ ہونے کے بعد اظہر علی اور اسد شفیق نے سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 92 کے مجموعی سکور پر اسد شفیق 12 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے ،کچھ ہی دیر بعد بابر اعظم بھی 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اظہر علی اور حارث سہیل نے ٹیم کا سکور 180 رنز پر پہنچایا تو اظہر علی ہیراتھ کا شکار بن گئے، انہوں نے 59 رنز کی اننگز کھیلی،کپتان سرفراز احمد بھی کچھ خاص نہ کرسکے جبکہ محمد عامر کو ہیراتھ نے اپنا تیسرا شکار بنایا۔حارث سہیل نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 56رنز بنائے ،وہ پریرا کا شکار بنے،وہاب ریاض13رنز بنا کر گیمج کا شکار بنے،یاسر شاہ 24رنز بنا کر لکمل کی گیند پر بولڈ ہوئے جس کے ساتھ ہی پاکستانی اننگز کی بساط262رنز پر سمٹ گئی،سری لنکا کیلئے ہیراتھ اور پریرا نے3،3جبکہ گیمج اور لکمل نے دو ،دو وکٹیں لیں ۔
سری لنکا کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور دن کے اختتام پر آئی لینڈرز کی آدھی ٹیم پوویلین واپس جاچکی تھی ،پاکستان کےلئے وہاب ریاض نے 3اور یاسر شاہ اور عباس نے ایک ،ایک وکٹ لی ۔میچ کے دوسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 482 رنز بناکرآﺅٹ ہوگئی جبکہ قومی ٹیم نے دوسری دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 51 رنز بنائے تھے اور شان مسعود 15 اور سمیع اسلم 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
اس سے قبل سری لنکا نے دوسرے دن کا آغاز 3 وکٹ کے نقصان پر 254 رنز سے شروع کیا تو کپتان چندیمل 282 کے مجموعی سکور پر 62 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ، اوپنردمتھ کارونارتنے صرف 4 رنز کی کمی سے اپنی ڈبل سنچری سکور نہ کرسکے، وہ 196 رنز پر وہاب ریاض کا شکار بنے۔دیگر کھلاڑیوں میں دلروان پریرا 58 ، نروشان ڈکویلا 52، کوشل سلوا 27 رنز بناسکے اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے سمارا وکراما نے 35 رنز پر 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے 6، محمد عباس نے 2 جب کہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔