احتساب عدالت ,مریم نواز کو 50لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم

 
0
2463

اسلام آباداکتو بر09(ٹی این ایس):سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوگئے، احتساب عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد مریم نواز کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لئے 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت میں کچھ دیر کے لیے وقفہ کردیا۔

اس دوران ن لیگ کے رہنما طارق فضل چودھری نے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جبکہ پرویز رشید اور آصف کرمانی نے بطور گواہ دستخط کیے۔

عدالت نے مریم نواز کو مقدمے کی نقول بھی فراہم کردیں۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے حاضری سے عارضی استثنا کی درخوات جمع کرائی، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

سابق وزیر اعظم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل اپنی اہلیہ کی عیادت کے لئے لندن میں ہیں لہٰذا انہیں عدالت میں حاضری سے استثنا دیا جائے۔

نیب پراسیکوٹر نے استثنا کی درخواست کی مخالفت کرتے سابق وزیر اعظم کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی۔

اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ آج رینجرز تعینات نہیں، پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

مریم نواز پیشی کےلیےچودھری منیر کی رہائش گاہ سےاحتساب عدالت پہنچیں جبکہ نیب کی ٹیم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بکتر بند گاڑی میں نیب آفس سے احتساب عدالت لائی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر 3ریفرنس پر سماعت کررہے ہیں۔

اس موقع پر ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود تھی، جو اپنے رہنماؤں کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے۔

گزشتہ سماعت پر عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

مریم نواز احتساب عدالت میں پیشی کے لئے چودھری منیر کی رہائش گاہ سے روانہ ہوئیں تو ان کے ہمراہ پرویز رشید، آصف کرمانی، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان اور وکلا کی ٹیم بھی تھی۔

واضح کہ مریم نواز اور ان کے خاوند کیپٹن (ر) محمد صفدر گزشتہ روز لندن سے وطن واپس پہنچے تو نیب کی ٹیم نے ایئرپورٹ سے ہی کیپٹن (ر) محمد صفدر کو حراست میں لے لیا تھا۔

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق 3 ریفرنسز دائر کئے گئے تھے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیاہے۔

العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے دو مرتبہ 26 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔