حکومت توانائی شعبے کو جدید بنانے کیلئے ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے اقدامات کو یقینی بنائیگی،سرتاج عزیز

 
0
354

اسلام آباد اکتوبر 9 (ٹی این ایس)ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبے کو جدید بنانے کیلئے ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے اقدامات کو یقینی بنائیگی، ٹیکنالوجی کی مدد سے بجلی اور توانائی کی ضروریات کا درست اندازہ لگانے میں مدد ملے گی،توانائی بحران کے خاتمے کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہونے کو ہے، اگلے مرحلے میں نظام اور اس میں بہتری لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔پیر کو ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز سے اے آئی ڈی کے وفدنے کلین انرجی فار آل منصوبے کے حوالے سے ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبے کو جدید بنانے کیلئے ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے اقدامات کو یقینی بنائیگی، ٹیکنالوجی کی مدد سے بجلی اور توانائی کی ضروریات کا درست اندازہ لگانے میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ بجلی اور توانائی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو جدید بنانا ہماری اولین ترجیح ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت مربوط توانائی کے نظام پر توجہ دے رہی ہے، توانائی شعبے میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، سرتاج عزیز نے کہا کہ بارہویں پنج سالہ ترقیاتی منصوبے پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے جس میں بجلی اور توانائی کے نظام اور انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے اہم اقدامات کا تعین کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہونے کو ہے، اگلے مرحلے میں نظام اور اس میں بہتری لانے کے اقدامات کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ نئے توانائی منصوبے اور جاری منصوبوں کی تکمیل کیساتھ ساتھ شعبے سے وابستہ افراد کار کی استعداد کار میں بہتری کی لانا بھی منصوبہ بندی کا اہم حصہ ہے۔