لاہور ہائیکورٹ کے7 ایڈیشنل ججزکی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع ،7ججز کے نام ڈراپ 

 
0
549

لاہور،اکتوبر 12( ٹی این ایس): چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے7 ایڈیشنل ججزکی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی سفارش کردی ہے جبکہ 7ججز کے نام ڈراپ کردیئے گئے ہیں۔

اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے7 ایڈیشنل ججزجسٹس مجاہد مستقیم،جسٹس طارق افتخار،جسٹس امجد جاوید گورال،جسٹس طارق سلیم، جسٹس جواد حسین ،جسٹس مزمل اختر اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز کو ایک سال توسیع دینے کی سفارش کر دی گئی ۔ دریں اثناء جوڈیشل کمیشن نے7ایڈیشنل ججزکے نام ڈراپ کردیئے ہیں جن میں جسٹس عبدالستار، جسٹس حبیب اللہ عامر ، جسٹس بشیر پراچہ، جسٹس احمد رضا گیلانی ،جسٹس مدثرعباسی، جسٹس محمدعلی اور جسٹس عبدالرحمان اورنگزیب کے نام شامل ہیں ۔جوڈیشل کمیشن نے سفارشات منظوری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیں۔ان ججز کی ایڈہاک مدت 25نومبر 2017ء ہے۔

پاکستان بار کونسل نے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کو مسترد کرتے ہوئے ججز تقرر کے طریق کار میں ترمیم کا مطالبہ کر دیا ۔ پاکستان بار کونسل کا ہنگامی اجلاس حفیظ الرحمن اور احسن بھون کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ہائیکورٹ کے سات ایڈیشنل ججز کی توسیع کو مسترد کر دیا ۔ جوڈیشل کمیشن نے بار کے نمائندوں کی رائے کو مسترد کیا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ججز کی تقرری کے طریق کار میں ترامیم کی جائے۔