میرا بیان فوج کے خلاف نہیں تھا،ہر ادارہ اپنے دائرے میں کام کرے تو ملک ترقی کرے گا : وزیر داخلہ

 
0
412

ننکانہ صاحب،اکتوبر16 ( ٹی این ایس):  وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج کے درمیان بال برابر بھی فرق نہیں، حکومت فوج کی پشت پر کھڑی ہے اور فوج حکومت کی، قربانی دینے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

احسن اقبال سوموار کو شہید کیپٹن حسنین کے گھر پہنچے اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان کسی خطرے سے نہیں گھبراتے، شہید کیپٹن حسنین ایف سی کے بہادر افسر تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے جذبوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، دہشتگردوں کو مکمل طور پر شکست دیں گے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جس قوم میں ایسے بہادر ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہے اور اس کیلئے ہم سب دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔ جذبے کیساتھ کام کریں گے، سب ایک کشتی کے سوار ہیں، ملک دشمن بداعتمادی پیدا کرنا چاہتے ہیں، مضبوط پاکستان کے لئے اندرونی استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارہ اپنے دائرے میں کام کرے تو ملک ترقی کرے گا، پاکستان کی حالت ایسی ہے کہ آپ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ آدھا گلاس خالی ہے اور یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ آدھا گلاس بھرا ہوا ہے، فوج کی وضاحت کے بعد بات ختم ہو گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مضبوط معیشت کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں۔