نا اہلی سے ملزم پھر مجرم تک کا سفر مکمل، جتنا چاہیں اداروں پر وار کر لیں، نواز شریف کا اصل ٹھکانہ اڈیالہ ہے، محمود الرشید

 
0
287

لاہور، اکتوبر 19 ( ٹی این ایس): پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ نا اہلی سے ملزم پھر مجرم تک کا سفر مکمل، جتنا چاہیں اداروں پر وار کر لیں، نواز شریف کا اصل ٹھکانہ اڈیالہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ ’’ نون‘‘ کے بعد قوم کا اچھا وقت شروع ہوگا، قوم کو گمراہ کرنے کیلئے بڑا بھائی اورچھوٹا بھائی اداروں سے متعلق مختلف موقف رکھتا ہے تاہم ان دونوں میں کرپشن کمیشن اور آمرانہ جنون حکمرانی مشترک ہے۔ انکا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے قومی لٹیروں پر فرد جرم عائد کرکے تاریخی اقدام اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ملک کا سب سے بڑا کرپٹ اور حکمران ٹولے کا احتساب ہو رہا ہے، پوری قوم سپریم کورٹ کے فیصلوں کی تائید کرتی ہے اور عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ شریف برادران اپنی سیاست کو بچانے کے لئے دہرا کردار ادا کر رہے ہیں، ایک بھائی اداروں کیخلاف محاذ آرائی دوسرا اداروں کے حق میں گواہیاں دے رہا ہے تاہم ان دونوں میں کرپشن کمیشن اور آمرانہ جنون حکمرانی مشترک ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ نواز شریف کا مقدمہ اب تک مکمل ہو چکا ہوتا اگر انکو صفائی کے درجنوں مواقع فراہم نہ کئے جاتے، عدالتیں صفائی مانگتی رہیں اور شریف خاندان آئیں بائیں شائیں کرتا رہا اور اب لوٹی دولت کو بچانے کیلئے ملکی مستقبل کو داؤ پر لگا دیا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پانامہ سے نا اہلی، ملزم اور اب مجرم تک کا سفر مکمل کر لیا جو اڈیالہ جیل پر اختتام پذیر ہو گا اور پھر ’’ نون‘‘ کے بعد قوم کا اچھا وقت شروع ہوگا۔