پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے رہنما تحریک انصاف میں چلے گئے 

 
0
353

لاہور ،اکتوبر19( ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے سرکردہ رہنماؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرلی ہے ۔صدر تحریک انصاف لاہور ولید اقبال نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں تحریک انصاف میں شمولیت کی مزید بڑی خبریں سننے کو ملیں گی۔ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے رہنماؤں بشپ ڈاکٹر ڈینئل نواب، بشپ ڈاکٹر شفقت گلزار سندھو، ڈاکٹرانصرام سوداگر، شہبازجمال، نسیم عنایت، افتخا ر ہیرا، سولومن ڈینئل نواب، رافیل موہن اور زاراجان عالم نے تحریک انصاف لاہورآفس میں ہونیوالی تقریب کے دوران پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ولید اقبال صدرتحریک انصاف لاہور، میاں حماد اظہر جنرل سیکرٹری، اعجاز احمد چوہدری، شیخ امتیاز محمود، نعیم الحق، سعدیہ سہیل، مبارک گل، پرویز ٹونی بھی موجود تھے۔ پیپلز پارٹی چھوڑ کر آنیوالوں نے چیئرمین عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکرکے پارٹی کے منشور کے مطابق سیاسی جدوجہد کرنے کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ولید اقبال نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنیوالی شخصیات کاشکریہ ادا کیا انہوں نے کہاکہ اقلیتی ونگ پیپلز پارٹی کا اہم ونگ ہے اور اس کی ذمہ داریاں دوسرے ونگز سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار نواز شریف کی کرپشن اور لوٹ مار کااصل میں حساب لیا جارہا ہے ، اس کا کریڈٹ تحریک انصاف بالخصوص چیئرمین عمران خان کو جاتا ہے اور ہم ان کی ٹیم ہیں، بطور ٹیم ورکرزہم پر زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کیونکہ صرف کپتان ہی نہیں بلکہ ٹیم کا ہر فرد برابر کاذمہ دار ہوتا ہے اس لئے ہمیں چیئرمین کی امید پرہرلحاظ سے پورا اترنا ہے تاکہ بیس سال سے جاری جدوجہد ثمرآور ہوسکے۔ اعجاز احمد چوہدری سنیئر رہنما پی ٹی آئی نے اپنے خطاب میں کہاکہ نواز شریف کی پوری قوم اور عالمی برادری کے سامنے اصلیت عیاں ہو گئی ہے ،اب انہیں ہر لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا ، جیل انکے مقدر میں لکھی جا چکی ہے ۔ شریف خاندان اور ان کے چوردوستوں کاصر ف جیل جانا ہی کافی نہیں بلکہ ان سے قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی وصول کرنی ہے تاکہ ملکی معیشت بحال ہوسکے۔ اگر علی بابا چالیس چوروں سے پیسہ وصول نہ کیاگیا تو پھر نیا ٹرینڈ بن جائیگا جس کا ملک و قوم کو انتہائی شدید نقصان ہوگا۔