نالہ لئی، راولپنڈی  کے لیے نکاسی کی ایک قدرتی  سہولت جو تجاوزات اور گندگی کے سبب اس کے ماتھے کا  بدنماداغ بن چکی

 
0
542

راولپنڈی، اکتوبر 22 (ٹی این ایس): نالہ لئی ضلع  اسلام آباد  اور راولپنڈی کا ایک  مشہور  نالہ ہے،مارگلہ کے پہاڑوں  سے نکلنے  والے  چشمے ،چھوٹے  چھوٹے نالے، اور  جڑواں  شہروں کے سیورج  کا پانی  نالہ لئی میں شامل  ہوتا ہے،ہر سال  خصوصا  مون سون  بارشوں  کے موسم  میں نالہ لئی  میں پانی  کی سطح خطرناک  حد تک  پہنچنے  سے اس  کے دونوں  اطراف آباد بستیاں مکمل ،جبکہ چند جزوی طور  پر ڈوب  جاتی ہیں۔

نتاریخ بتاتی ہے کہ نالہ لئی کا پانی کبھی اتنا صاف شفاف اور خالص تھا کہ اسے پیا جا سکے، لیکن اب یہ گھروں سے خارج ہونے والے فضلے اور کارخانوں سے بہنے والے کیمیائی مادّوں کے سبب اِس درجہ غلیظ ہوگیا ہے کہ اِس کے قریب سے گزرنا محال ہے۔

نالہ لئی راولپنڈی اور اسلام آباد شہر کو مختلف مقامات پر ایک دوسرے سے الگ کرتا ہے،حکومت کی ناقص صفائی پالیسی کے باعث یہ نالہ راولپنڈی شہر کے ماتھے پر ایک بدنما داغ بن چکا ہے،اس نالہ کے کنارے بسنے والے ہزاروں مکین آلودگی میں اپنی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں،اس آلودگی کے سبب روزانہ کی بنیاد پر لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد انڈسٹریل زون آئی 9 کی انڈسٹریز اور کارخانوں  سے نکلنے والا فضلہ بھی اسی نالہ میں گرتا ہے۔دوسری طرف نالہ لئی کے اردگرد بسنے والے مکین بھی نالہ لئی میں کوڑا کرکٹ  پھینکتے ہیں   جس کے باعث پانی گزرنے کی گنجائش ختم ہو جاتی ہے،انہیں تمام اسباب کے باعث بارشوں کے دنوں میں خاص طور پر برسات کے موسم میں نالے میں طغیانی  آنے سے یہ نالہ سیلابی نالے کی شکل اختیار کرلیتا ہےاور اردگرد میں بسنے والے لوگوں کے املاک کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ پورے شہر  کےکاروبار زندگی کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔