امریکی دھمکیوں کے سامنے پورے قد کیساتھ کھڑے ہیں،کہہ دیا ہے ہمیں کوئی امداد نہیں چاہئیے،وزیرِخارجہ

 
0
371

اسلام آباد ،اکتوبر 26(ٹی این ایس):  وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارا اقتدار امریکہ کے مرہون منت نہیں ہے،اس سے کوئی سمجھوتہ کیا اور نہ ہی اسکی رائے پاکستان پر مسلط ہونے کی اجازت دی۔یہ بات انھوں نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے دورہ پاکستان پر سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے  کہی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکی کا ہم پر کوئی اثر نہیں،امریکی وزیرخارجہ کووائسرائے نہیں مانتے اور ہم امریکی صدر کی دھمکیوں کے سامنے پورے قد سے کھڑے ہیں۔ نائن الیون کے بعد مشرف حکومت نے امریکا کے ساتھ بڑا سمجھوتہ کیا تھا جس کا نتیجہ آج بھگتنا پڑ رہا ہے،ہمارا اقتدار امریکہ کے مرہون منت نہیں ، ہم کروڑوں عوام کے ووٹ سے منتخب ہوئے ہیں اور عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے،اس لئے گذشتہ دو ماہ سے امریکہ سے کوئی سمجھوتہ کیا اور نہ ہی امریکی رائے پاکستان پر مسلط ہونے کی اجازت دی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات 70 سال پرانے ہیں اس لیے مناسب ہو گا کہ اس معاملے پر ایوان میں بحث ہو۔پاکستان نے امریکہ کو واضح طور پر پیغام دیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، افغانستان میں اتحادی افواج کوناکامیاں ملیں،اس وقت بھی افغانستان کے 40فیصد حصے پر طالبان کا مکمل کنٹرول ہے۔ افغانستان بھارت کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے اور نئی دہلی کابل کے ذریعے پاکستان میں دراندازی کر رہا ہے۔ ماضی میں بندے بیچنے کے بدلے کیا کیا فوائد حاصل کیے گئے جب کہ نائن الیون کے بعد پرویز مشرف نے امریکا کے ساتھ بڑے سمجھوتے کیے جس کا نتیجہ ہمیں آج بھگتنا پڑ رہا ہے۔پاکستان نے امریکاکوکہاکوئی امدادنہیں چاہیے، ہم افغان بارڈر کو محفوظ بنانے کے لئے اپنے خرچے پر باڑ لگا رہے ہیں۔ امریکا نے 75 ناموں کی لسٹ دی تھی جس میں سرفہرست حقانی نیٹ ورک ہے لیکن حافظ سعید کا نام نہیں۔