مین ہٹن ، 8افراد کو ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم پر فردجرم عائد

 
0
330

 

نیو یارک ،نو مبر02(ٹی این ایس): مین ہٹن میں لوگوں پرٹرک چڑھا کر 8 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم سیف اللہ سائیپوف پر دہشتگردی کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ نیویارک دہشتگردی کے ملزم سیف اللہ سائیپوف کو زخمی حالت میں وہیل چیئر پر عدالت لایا گیا۔ امریکی استغاثہ نے ازبک تارک وطن سیف اللہ سائپوف پر دہشت گردی، ٹرک حملہ کرکے 8 افراد کو ہلاک کرنے، داعش کی مالی مدد اور اسے وسائل فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیف اللہ سے تفتیش کی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس نے کئی ہفتے پہلے ہی حملے کی منصوبہ سازی کر رکھی تھی اور وہ اپنے کئے پر نادم ہونے کے بجائے فخر کرتا ہے۔دوسری جانب نیویارک کے ڈپٹی پولیس کمشنرجان ِملر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جائے وقوعہ سے سیف اللہ سائیوف کے تحریر کردہ کاغذ برآمد ہوئے ہیں۔

ان میں عربی زبان میں تحریراورعلامتیں ہیں، جن کا خلاصہ یہ ہے کہ داعش قائم و دائم رہے گی۔دوسری جانب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مین ہٹن میں بدترین دہشت گردی کرنے والے کو سزائے موت ہونی چاہئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ملزم کو نا تو خود پر لگائے گئے الزمات کے دفاع میں کوئی دلچسپی ہے اور نا ہی وہ اس بدترین عمل پر شرمندہ ہے، ملزم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے اگر اس کے کمرے میں کالعدم داعش کا جھنڈا لگایا جائے، اس نے 8 لوگوں کو ہلاک اور 12 کو زخمی کیا‘ ایسے شخص کو تو سزائے موت ہونی چاہیے۔امریکی صدر نے امریکی نظامِ انصاف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیکورٹی کو مزید سخت کرکے مزید کڑی سزاﺅں کا نظام وضع کرنا ہو گا۔